اونٹاریو (نمائندہ خصوصی) –کینیڈاکے دارالخلافہ اٹاواسمیت ٹورنٹو ،مسّی ساگا،ہملٹن،نیاگرہ فالز اور گرد و نواح کے دوسرے شہروں میں اس وقت شدید گرمی کی لہر جاری ہے، محکمہ موسمیات نے خطرناک حد تک بڑھتے درجہ حرارت کے پیش نظر ہیٹ وارننگ جاری کر دی ہے۔

جمعرات کے روز شہر کا درجہ حرارت 34 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، تاہم نمی اور گرم ہوا کے باعث محسوس ہونے والا درجہ حرارت 44 ڈگری تک جا پہنچا۔ آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 ڈگری اور کم سے کم 23 ڈگری رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آسمان پر زیادہ تر جزوی طور پر بادل چھائے رہیں گے، تاہم گرمی اور نمی کی شدت میں کمی کا امکان فی الحال موجود نہیں۔
ہیٹ وارننگ کے پیش نظر بلدیاتی اداروں اور محکمہ صحت نے شہریوں کو درج ذیل احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے.غیر ضروری طور پر دوپہر کے وقت باہر نہ نکلیں۔پانی کا زیادہ استعمال کریں اور خود کو ہائیڈریٹ رکھیں۔دھوپ میں نکلتے وقت ٹوپی، دھوپ کا چشمہ اور سن بلاک استعمال کریں۔بزرگ شہری، بچے اور دائمی مریض خاص طور پر محتاط رہیں۔
ہیٹ اسٹروک کی علامات (چکر آنا، بے ہوشی، تیز بخار، خشک جلد) کی صورت میں فوری طور پر طبی مدد حاصل کریں۔
ادھر خبر رساں ذرائع کے مطابق، اونٹاریو اور کیوبیک کے مختلف علاقوں میں شدید طوفانوں کی وجہ سے ٹورنیڈو وارننگ بھی جاری کی گئی ہے۔ اگرچہ مسّی ساگا فی الحال براہ راست متاثرہ علاقوں میں شامل نہیں، تاہم شہریوں کو خبردار رہنے اور موسم کی تازہ ترین صورتحال پر نظر رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات اور شہری حکومت کی جانب سے اپیل کی گئی ہے کہ عوام غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور موسمی ایپلی کیشنز یا مقامی ریڈیو کے ذریعے تازہ ترین اطلاعات سے باخبر رہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری ردعمل ممکن ہو۔

