مسی ساگا:صدر خزانہ بورڈ شفقّت علی کے اعزاز میں رضوان پاشا کی تقریب وپرچم کشائی

وفاقی وزیر ریچی ولڈیز اور رکنِ پارلیمنٹ اقراء خالد سمیت کمیونٹی رہنماؤں کی بڑی تعداد میں شرکت

مسی ساگا(اشرف خان لودھی سے)مسی ساگا میں عوامی و سماجی رہنمااور سینئرصحافی رضوان پاشا کی جانب سےپہلے پاکستانی وفاقی وزیرِ خزانہ شفقّت علی کے اعزاز میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا .جس میں وفاقی وزیر ریچی ولڈیز اور رکنِ پارلیمنٹ اقراء خالد سمیت کمیونٹی رہنماؤں اور دیگردوست احباب نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب میں پاکستان کے 78ویں یومِ آزادی کی مناسبت سے پرچم کشائی بھی کی گئی۔

اس موقع پر گفتگوکرتے ہوئے میزبان رضوان پاشا نے معزز مہمانانِ گرامی وفاقی وزیر شفقت علی—وفاقی وزیر ریچی ولڈیز اوررکنِ پارلیمنٹ اقراء خالدکا خصوصی طورپرشکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ شفقت علی کینیڈامیں پہلے پاکستانی وفاقی وزیرِ خزانہ ہیں یہ فردواحدکی کامیابی نہیں‌ بلکہ پوری پاکستانی کمیونٹی کیلئے باعثِ فخر ہے۔

ممبرپارلیمنٹ شفقّت علی صدر خزانہ بورڈ نے اپنے خطاب میں کہا”میری پہلی ملاقات رضوان بھائی سے اس وقت ہوئی جب وہ” اردو ٹائمز “اور “عوام “اخبارمیں کام کر رہے تھے۔ اُس وقت یہ اخبارات کمیونٹی کیلئے بالکل فیس بک کی طرح تھے کیونکہ ہر گروسری اسٹور پریہ اخبارات مفت دستیاب تھے اور لوگوں کو کمیونٹی سے جوڑنے کا ذریعہ بنتے تھے۔ رضوان بھائی نے اس شعبے میں کلیدی کردار ادا کیا۔” انہوں نے کہا کہ جیسا کہ کیرولین پریش نے اپنی نامزدگی میں کہا تھا انہی پلیٹ فارمز کے ذریعے پہلی بار سیاست میں فعال ہوئی۔

اسٹریٹس ول سے منتخب ہونیوالی وفاقی وزیر برائے خواتین اور صنفی مساوات اور سیکرٹری آف اسٹیٹ برائے چھوٹے کاروبار اور سیاحت ریچی ولڈیز نے خطاب کرتے ہوئے کہا”یہ خوشی کی بات ہے کہ میں آپ سب کے ساتھ ہوں۔ آزادی کے دن کی تاخیر سے مبارکباد پیش کرتی ہوں۔ ہمیں فخر ہے کہ ہم نے سیلیبریشن اسکوائر پر پرچم بلند کیا اور آج دوبارہ آپ سب کے ساتھ یہ خوشی بانٹ رہی ہوں۔ وزیر شفقّت علی میرے لئےایک خاص شخصیت ہیں۔” اس موقع پر انہوں نے رکنِ پارلیمنٹ اقراء خالد کو بھی خوش آمدید کہا۔

رکنِ پارلیمنٹ اقراء خالد نے کہا”میں 10 برسوں سےمسی ساگاایرن ملز کی عوام کی خدمت کر رہی ہوں اور یہ میرے لئےاعزاز ہے۔ رضوان بھائی اور ان کی اہلیہ کا شکریہ ادا کرتی ہوں کہ انہوں نے یہ تقریب منعقد کی۔ پاکستانی کمیونٹی کی خدمات قابلِ قدر ہیں اور ہم عوامی نمائندے کے طور پر ان کا سہارا لیتے ہیں تاکہ کمیونٹی کی ترقی کو یقینی بنایا جا سکے۔” انہوں نے مزید کہا کہ: “آج ہم یہاں صدر خزانہ بورڈ شفقت علی اور وفاقی وزیر برائے خواتین اور صنفی مساوات اور سیکرٹری آف اسٹیٹ برائے چھوٹے کاروبار اور سیاحت ریچی ولڈیز کی کامیابی کا جشن منا رہے ہیں۔”

اپنا تبصرہ لکھیں