مسی ساگا(باباعرفان ملک سے)”حضرت محمد رسول اللہ ﷺ نے فرمایا“سحری کرنا سراپا برکت ہے لہٰذا اسے نہ چھوڑو، اگرچہ پانی کے ایک گھونٹ کے ذریعے ہی ہو۔ اللہ تعالیٰ اور اس کے فرشتے سحری کرنیوالوں کیلئے رحمت کی دعا کرتے ہیں۔“
اسی مبارک سنت کی پیروی کرتے ہوئے ممتاز کاروباری شخصیت اور پاکستان پیپلزپارٹی کینیڈا کے صدر چوہدری جاوید گجر نے ایک نہایت پرتکلف اور بابرکت سحری کا اہتمام کیا، جس میں قریبی دوستوں اور کمیونٹی کے معززین کو مدعو کیا گیا۔ یہ محفل محبت، روحانیت اور اخوت کا خوبصورت امتزاج تھی۔
اس بابرکت اجتماع کا آغاز بین الاقوامی شہرت یافتہ نعت خواں خواجہ انجم کی پُراثر نعت خوانی سے ہوا۔ نعتِ رسولِ مقبول ﷺ کی دل نشین صداؤں نے محفل کو روحانیت سے بھر دیا اور اجتماعی دعا کے ساتھ اس مبارک محفل کو مزید نورانی بنا دیا گیا۔
چوہدری جاوید گجر اپنی فیاضی، وسیع دسترخوان اور کمیونٹی کیلئے خدمات کے حوالے سے ہمیشہ نمایاں رہتے ہیں۔ وہ ایک فعال کمیونٹی رہنما کی حیثیت سے ہر نیک کام میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں اور دوستوں کو محبت اور خلوص کے رشتوں میں جوڑے رکھتے ہیں۔
یہ بابرکت سحری “سپائس ولا ریسٹورنٹ، رج وے پلازہ، مسی ساگا” میں منعقد ہوئی جہاں اس ریسٹورنٹ کے روحِ رواں عامر چوہدری نے اپنی خصوصی نگرانی میں نہایت لذیذ سحری کا اہتمام کیا۔ دسترخوان پر حلوہ پوری، پراٹھے، نان، حلوہ، سری پائے، توا قیمہ اور دیگر روایتی لذتوں کے ساتھ تازہ لسی اور خوشبودار چائے پیش کی گئی جس نے محفل کو یادگار بنا دیا۔
ایسی روحانی اور محبت بھری محافل نہ صرف رمضان المبارک کی برکتوں میں اضافہ کرتی ہیں بلکہ دلوں کو قریب لانے اور کمیونٹی میں بھائی چارے کو مضبوط بنانے کا سبب بھی بنتی ہیں۔اللہ تعالیٰ اس بابرکت محفل کے میزبان اور تمام مہمانوں کو جزائے خیر عطا فرمائے اور ہمیں ہمیشہ ایسی نورانی محافل میں شریک ہونے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین۔

