مصنوعی ذہانت: فلم” شعلے” کے آئیکونک کردار، ماضی اور حال ایک فریم میں

ممبئی (ایجنسیاں)مصنوعی ذہانت کے ذریعے تیار کی گئی کلاسک فلم شعلے کی ایک تخلیقی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے، جس میں فلم کے یادگار کرداروں کو منفرد انداز میں خراجِ تحسین پیش کیا گیا ہے۔

ویڈیو میں ویرو، بسنتی اور جے جیسے مقبول کردار اپنے اصل اداکاروں ہیما مالینی، دھرمیندر اور امیتابھ بچن کے ساتھ سیلفیاں لیتے اور ایک دوسرے سے ملتے دکھائی دیتے ہیں۔ اے آئی سے تخلیق کردہ ان مناظر میں ماضی اور حال کو یکجا کر کے جذباتی فضا قائم کی گئی ہے۔

اس تخلیقی کلپ میں لیجنڈ اداکار اپنے نوجوان کرداروں کے ہمراہ دکھائی دیتے ہیں، جس سے مداحوں کیلئے یادوں کا ایک نیا دریچہ کھل جاتا ہے۔ ویڈیو میں بلاک بسٹر فلم کے مشہور مناظر کو موجودہ دور کی جھلک کے ساتھ ہم آہنگ کیا گیا ہے، جس نے سوشل میڈیا صارفین کی بھرپور توجہ حاصل کی۔

ایک منظر میں عمر رسیدہ امیتابھ بچن اپنے شہرۂ آفاق کردار جے کے نوجوان عکس کے روبرو نظر آتے ہیں، جو ماضی اور حال کے درمیان ایک مضبوط بصری تاثر پیدا کرتا ہے۔ اسی طرح جیا بچن بھی اپنے کردار رادھا کے کم عمر روپ کے ساتھ مسکراتی دکھائی دیتی ہیں۔

یہ جذباتی اور یادگار ویڈیو نہ صرف فلمی تاریخ کو خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے بلکہ نئی ٹیکنالوجی کے ذریعے کلاسک سنیما کو ایک نئے انداز میں زندہ کرنے کی کوشش بھی قرار دی جا رہی ہے۔