لاہور/اسلام آباد (وقائع نگارخصوصی+نامہ نگار)معروف ادیب، کالم نگار اور سندس فاؤنڈیشن کے چیئرمین منو بھائیؔ مرحوم کی اہلیہ انتقال کر گئی ہیں.انا للہ وانا الیہ راجعون. ادبی، سماجی اور صحافتی حلقوں میں گہرے رنج و غم کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
خاندانی ذرائع کے مطابق منو بھائیؔ مرحوم کی اہلیہ کی نمازِ جنازہ آج صبح 10 بجے 364 ریواز گارڈن لاہور میں ادا کی جائے گی، جس میں اہلِ خانہ، عزیز و اقارب، ادبی شخصیات اور صحافیوں کی بڑی تعداد کی شرکت متوقع ہے۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے منو بھائیؔ کی اہلیہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سوگوار خاندان سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ اپنے تعزیتی بیان میں صدرِ مملکت نے مرحومہ کے درجات کی بلندی اور لواحقین کیلئے صبرِ جمیل کی دعا کی اور کہا کہ اللہ تعالیٰ اہلِ خانہ کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔

