نئی دہلی (نمائندہ خصوصی)معروف بھارتی اداکارہ اور پلے بیک سنگر سلکشنا پنڈت 71 سال کی عمر میں حرکتِ قلب بند ہونے کے باعث چل بسیں۔ ان کے بھائی لتت پنڈت نے موت کی تصدیق کی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سلکشنا نے اپنی فلموں ’الجھن‘ اور ’چہرے پہ چہرہ‘ سے شہرت حاصل کی۔ جمعرات کی شام سانس لینے میں دشواری پر انہیں اسپتال لے جایا جا رہا تھا کہ راستے میں وہ چل بسیں۔
سلکشنا پنڈت نے 1975ء میں سنجیو کمار کے مقابل فلم ’الجھن‘ سے فلمی کیریئر کا آغاز کیا اور راجیش کھنہ، ششی کپور اور ونود کھنہ جیسے صفِ اول کے اداکاروں کے ساتھ کام کیا۔ دیگر مشہور فلموں میں سنکوچ، ہیرا پھیری، خاندان، دھرم کانٹا، دو وقت کی روٹی اور گورا شامل ہیں۔
انہوں نے 1978ء میں ایک بنگالی فلم ’بانڈی‘ میں بھی اداکاری کی اور اُتّم کمار کے ساتھ جلوہ گر ہوئیں۔
اداکاری کے ساتھ سلکشنا پنڈت کا پلے بیک گلوکاری کا کیریئر بھی متاثر کن رہا۔ انہوں نے ہندی، بنگالی، مراٹھی، اوڑیہ اور گجراتی میں گانے گائے۔ مشہور گانوں میں ’تو ہی ساگر، پردیسیا تیرے دیش میں، بے قرار دل ٹوٹ گیا، باندھی رے کہے پریت، سات سمندر پار‘ شامل ہیں۔
سلکشنا کا تعلق ہریانہ کے ضلع ہسار کے ایک موسیقی گھرانے سے تھا۔ پنڈت جسراج ان کے چچا تھے۔ انہوں نے 9 سال کی عمر میں گانا شروع کیا اور بھائی مندھیر کے ساتھ موسیقی کیریئر کا آغاز کیا۔ ان کے بہن بھائیوں میں جتن پنڈت، لتت پنڈت اور ماضی کی اداکارہ وجیتا پنڈت شامل ہیں۔

