معروف بھارتی گلوکاروں انوپ جھلوٹا، شنکر مہادیون اور ہری ہرن نے اپنے ملٹی سٹی کنسرٹس میں نورا فتحی اور تمنا بھاٹیہ کی پرفارمنس کو شامل کرنے سے انکار کر دیا ہے۔
’تھری ماسٹر پرفارمرز‘ جو ایم ایچ فلمز کے زیراہتمام منعقد کیا جا رہا ہے اس ماہ کے آخر میں احمد آباد، دہلی اور اندور میں ہوگا۔ اس حوالے سے معلوم ہوا ہے کہ تینوں گلوکاروں نے نورا فتحی اور تمنا بھاٹیہ کو کنسرٹس میں شامل کرنے کی تجویز سے عدم اتفاق کیا۔
بتایا جاتا ہے کہ آرگنائزر ایم ایچ فلمز کے منیش ہری شنکر نے بالی ووڈ اداکاراؤں نورا فتحی اور تمنا بھاٹیہ کے نام بطور مہمان پرفارمرز پیش کیے تو تینوں گلوکاروں نے سختی اس سے انکار کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ تریوینی کا جوہر بھارتی موسیقی کی گہرائی اور عظمت کو پیش کرنے میں مضمر ہے۔ اس میں بالی ووڈ اداکاراؤں کی شمولیت سے کنسرٹ اپنے آرٹسٹک وژن سے محروم ہو جائے گا۔
تینوں گائیکوں کا کہنا تھا کہ اگر مہمان کی شمولیت کرنا ہی ہے تو پھر اداکاراؤں کے بجائے ایک ساتھی گلوکارہ کو لینا چاہیے جو اس ایونٹ کی روح سے مطابقت پیدا کرسکے۔