راولپنڈی(نامہ نگار)بھارت اپنی خفت مٹانے کیلئے مقبوضہ کشمیر پر حملوں کی جھوٹی خبریں پھیلانے لگا جسے سیکیورٹی ذرائع نے سختی سے مسترد کردیا ہے۔بھارتی میڈیا کی جانب سے پروپیگنڈا کیا جارہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے علاقوں میں دھماکوں کی آوازیں سنائی دی ہیں اور پاکستان کی جانب سے ڈرون حملے کیے گئے ہیں اور پٹھان ایئربیس پر میزائل داغے گئے ہیں۔
بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا کہ پاکستانی حملوں کے بعد مقبوضہ کشمیر میں مکمل بلیک آؤٹ ہوگیا ہے اور سائرن بجادیے گئے ہیں۔تاہم، پاکستان کے سیکیورٹی ذرائع نے ان خبروں کو فیک قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان جھوٹی من گھڑت خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا تھا کہ بھارت کی راجستھان، پٹھان کوٹ اور مقبوضہ کشمیر میں حملے کی خبر خیالی ہے، وہ خیالی حملوں کے ذریعے پاکستان کے خلاف اگلی جارحیت کا جواز بنانا چاہتا ہے، پاک افواج بھارت کے ناپاک عزائم ناکام بنانے کی پوری صلاحیت رکھتی ہیں۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ بھارت کی جانب سے فیک خبروں کو پھیلانے کا مقصد، جھوٹا تاثر پیدا کرنا ہے کہ پاکستان بھی بھارت پر حملہ کررہا ہے۔سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ بھارت جھوٹی خبریں پھیلا کر پاکستان پر اپنی جارحیت جاری رکھنے کا مسلسل جھوٹا جواز پیدا کرنا چاہتا ہے۔
ذرائع نے کہا کہ بھارتی میڈیا پر مقبوضہ کشمیر پر حملے سے متعلق چلنے والی تمام خبریں فیک ہیں، ان میں کوئی صداقت نہیں۔ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ بھارتی میڈیا کی جانب سے ایف 16 طیارہ گرانے کا دعویٰ بھی جھوٹ پر مبنی ہے، پاکستان نے مقبوضہ کشمیر میں کوئی حملہ نہیں کیا، نہ کوئی طیارہ گرا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع نے کہا کہ ناکامی در ناکامی نے بھارت کو مکمل طور پر ماؤف اور کنفیوژ کر دیا ہے، آج ہیروپ ڈرون حملوں کی ناکامی کے بعد بھارت مزید بوکھلاہٹ کا شکار ہے۔
اس سے قبل، ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے نائب وزیراعظم اسحٰق ڈار کے ہمراہ پریس بریفنگ میں کہا تھا کہ پاکستان کی جانب سے بھارت میں 15 مقامات پر حملے کی خبر جھوٹ پر مبنی ہے، مودی سرکار اپنے فائدے کیلئے ڈراما کر رہی ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ جب پاکستان حملہ کرے گا تو وہ نظر بھی آئے گا اور گونج بھی سنائے دیگی، بھارتی میڈیا نہیں بتائے گا لیکن پوری دنیا جان جائیگی۔