ملتان ٹیسٹ: انگلینڈ نے پاکستان کو ایک اننگ اور 47 رنز سے ہرا دیا

ملتان ٹیسٹ کا نتیجہ پانچویں اور آخری روز آگیا، انگلینڈ نے پاکستان کو ایک اننگ اور 47 رنز سے ہرا دیا۔آج سلمان آغا نے 41 اور عامر جمال نے 27 رنز کے ساتھ دوبارہ کھیل کا آغاز کیا جس کے بعد سلمان آغا نے اپنی نصف سنچری مکمل کی تاہم کچھ دیر بعد پاکستان کی ساتویں وکٹ 191 رنز پر گر گئی۔سلمان آغا 63 رنز بنا کر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے جس کے بعد عامر جمال نے بھی اپنی نصف سنچری مکمل کی۔پاکستان کی آٹھویں وکٹ 214 رنز پر گری جب شاہین آفریدی 10 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔بعدازاں پاکستان کی نویں وکٹ 220 رنز پر گری، نسیم شاہ 6 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔دوسری اننگ میں ابرار احمد بیٹنگ کرنے نہیں آئے جبکہ عامر جمال 55 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔انگلینڈ کے جیک لیچ نے 4 جبکہ گس اٹکنسن اور برائڈن کارسی نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔اس سے قبل چوتھے روز کھیل کے اختتام پر دوسری اننگز میں پاکستان نے 6 کھلاڑیوں کے نقصان پر 152 رنز بنا لیے تھے۔چوتھے روز دوسری اننگ میں عبداللّٰہ شفیق پہلی ہی گیند پر صفر پر پویلین لوٹ گئے تھے۔شان مسعود 11، بابر اعظم 5، صائم ایوب 25، محمد رضوان 10 اور سعود شکیل 29 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تھے۔انگلینڈ نے پہلی اننگز 7 کھلاڑی آؤٹ پر 823 رنز بنا کر ڈکلیئر کر دی تھی جبکہ پاکستان نے پہلی اننگ میں 556 رنز بنائے تھے۔واضح رہے کہ سیریز کا دوسرا ٹیسٹ منگل سے ملتان میں شروع ہوگا، انگلینڈ کو پاکستان کے خلاف تین ٹیسٹ کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں