ملک بھر میں عیدالاضحیٰ کا پہلا روز مذہبی جوش و جذبے سے منایا گیا

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)پاکستان بھر میں عیدالاضحیٰ 1446ھ کا پہلا روز مذہبی جوش و خروش، عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔ عوام نے حضرت ابراہیمؑ اور حضرت اسمٰعیلؑ کی سنت کی پیروی میں اپنے جانور اللہ کی راہ میں قربان کیے اور قربانی کے جذبے کو زندہ رکھا۔

دن کا آغاز نمازِ عید کے روح پرور اجتماعات سے ہوا، جو اسلام آباد، کراچی، لاہور، کوئٹہ، پشاور سمیت تمام چھوٹے بڑے شہروں، قصبوں، دیہاتوں میں عید گاہوں، مساجد، امام بارگاہوں اور کھلے میدانوں میں منعقد ہوئے۔

علمائے کرام نے اپنے خطبات میں سنتِ ابراہیمی کی اہمیت، قربانی، ایثار، صبر اور توکل جیسے اسلامی اوصاف پر روشنی ڈالی۔ اجتماعات کے بعد امت مسلمہ، وطن عزیز کی سلامتی، ترقی اور شہداء کے درجات کی بلندی کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

عید کے موقع پر سیکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے گئے تاکہ نماز اور قربانی کے تمام مراحل پرامن ماحول میں مکمل ہوں۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا”قربانی، محبت، بھائی چارے اور اتحاد کو اپنی زندگیوں کا حصہ بنائیں۔ ایک دوسرے کا سہارا بن کر پاکستان کو خوشحال اور عظیم ملک بنائیں۔”

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا”قربانی کا جذبہ ہی پاکستان کی تقدیر بدل سکتا ہے، ہمیں قومی ترقی کے سفر کو مزید تیز کرنے کیلئے باہمی اتحاد اور ایثار کو فروغ دینا ہوگا۔”

آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل ساحر شمشاد مرزا، پاک فضائیہ اور پاک بحریہ کے سربراہان نے بھی قوم کو عید کی مبارکباد دی۔

“پاکستان کی مسلح افواج وطن کے دفاع، قومی اتحاد اور ترقی کیلئےپُرعزم ہیں، قوم کے ساتھ کھڑی ہیں اور ہر چیلنج کا سامنا کرنے کیلئےہر دم تیار ہیں۔””یہ دن قربانی، اتحاد اور خود احتسابی کا موقع ہے، آئیے ہم شہداء کو یاد رکھیں اور ان کے خاندانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کریں۔”

چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا”عیدالاضحیٰ ایثار، ہمدردی اور یکجہتی کا پیغام دیتی ہے۔ ہمیں ضرورت مندوں کو اپنی خوشیوں میں شامل کرنا چاہیے تاکہ ایک منصفانہ اور پُرامن معاشرے کی بنیاد رکھی جا سکے۔”

انہوں نے قوم سے اپیل کی کہ”مفادات کو اجتماعی بھلائی پر قربان کریں، غریب طبقے کو مت بھولیں اور ان کے چہروں پر مسکراہٹیں لائیں۔”عیدالاضحیٰ کے اس مقدس دن نے پاکستانی قوم میں قربانی، یگانگت اور خدمت خلق کے جذبے کو مزید تقویت بخشی ہے۔ امید ہے کہ یہ بابرکت موقع وطن عزیز میں ہم آہنگی، بھائی چارے اور خوشحالی کا پیغام بن کر آئے۔

اپنا تبصرہ لکھیں