ملک کے مختلف علاقوں میں بارش، لینڈ سلائیڈنگ اور آسمانی بجلی گرنے سمیت مختلف واقعات میں ہلاکتوں کی تعداد 23 ہوگئی۔
مانسہرہ میں پل، مکانات، باغات اور فصلوں کو نقصان پہنچا۔ لوئر دیر میں گھر پر مٹی کا تودہ گرنے سے 2 بچے جاں بحق ہوگئے۔
کوہاٹ میں بارش کا پانی گھر میں داخل ہوگیا، جس کے نتیجے میں گھر کے تہہ خانے میں سوئے ہوئے 11 افراد پانی میں ڈوب کر جاں بحق ہوگئے۔
ادھر تھرپارکر میں گزشتہ روز بارش کے دوران آسمانی بجلی گرنے سے 8 افراد جاں بحق ہوئے۔
فیصل آباد میں گزشتہ روز ہونے والی بارش کے باعث گودام کی چھت گرنے سے ملبے تلے دب کر 2 خواتین جاں بحق ہوگئیں۔
موسلادھار بارشوں کے باعث دریائے چترال میں اونچے درجے کے سیلاب نے تباہی مچادی۔ کوغزی پل، پولیس چوکی، مکانات، مساجد، باغات اور فصلیں بہہ گئیں۔
دریا کے کٹاؤ کی وجہ سے چترال مستوج روڈ پر ٹریفک معطل ہوگیا۔ گلگت اپر چترال روڈ، کالاش ویلی روڈ اور شی شی کوہ ویلی روڈ بھی بند ہوگئی۔