ملک میں فساد کرنیوالوں سے سختی سے نمٹا جائے:ایرانی عدلیہ کے سربراہ کا حکم

تہران (ایجنسیاں)ایرانی عدلیہ کے سربراہ غلام حسین محسنی نے ملک میں فساد کرنے والوں سے قانون کے مطابق سختی سے نمٹنے کا حکم دے دیا ہے۔خبر ایجنسی کے مطابق غلام حسین محسنی نے اٹارنی جنرل اور پراسیکیوٹرز کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ فسادیوں اور ان کے حمایتیوں کے خلاف پوری سختی کے ساتھ قانونی کارروائی کی جائے اور کسی قسم کی نرمی یا رعایت نہ برتی جائے۔

انہوں نے کہا کہ مظاہرین کی بات اور تنقید سنی جاتی ہے، تاہم احتجاج کرنے والوں اور فساد پھیلانے والوں میں واضح فرق ہوتا ہے۔واضح رہے کہ ایران میں مہنگائی کے خلاف جاری مظاہروں سے ملک کے 31 میں سے 25 صوبے متاثر ہوئے ہیں، جبکہ 30 دسمبر سے جاری احتجاجی مظاہروں کے دوران کم از کم 12 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔