’ملک میں نئے انتخابات کے علاوہ کوئی دوسرا راستہ نہیں‘: محمد علی درانی

سابق وفاقی وزیر برائے اطلاعات محمد علی درانی کا کہنا ہے کہ ملک میں نئے انتخابات کے علاوہ کوئی دوسرا راستہ نہیں ہے۔ پاکستان مسلم لیگ فنکشنل (پی ایم ایل ف) کے سیکریٹری جنرل محمد علی درانی نے کہا کہ اس وقت مفاہمت قومی ذمہ داری ہے، پاکستان میں نئے انتخابات کے علاوہ کوئی دوسرا راستہ نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال قومی مفاہمت اور مذاکرات کا تقاضہ کرتی ہے، پارلیمنٹ کے ساتھ بات چیت ہونی چاہیے۔اس سے قبل سابق وزیر اطلاعات نے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہی اجلاس کو مجوزہ آئینی ترامیم سے بڑا چیلنج قرار دیا تھا۔

خصوصی گفتگو میں محمد علی درانی کا کہنا تھا کہ ایس سی او سربراہی اجلاس کی میزبانی پاکستان کے لیے سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ سیاسی جماعتیں آئین میں ترامیم سمیت تمام متنازع معاملات کو پس پشت رکھیں، ایس سی او سمٹ سے قبل کسی بھی قسم کی کشیدگی پاکستان کے مفاد میں نہیں ہوسکتی۔

محمد علی درانی کا مزید کہنا تھا کہ آئینی ترامیم ایک قومی مسئلہ ہے اس پر طویل وقت اور غور و فکر کی ضرورت ہے۔یاد رہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم کا اجلاس 15 اور 16 اکتوبر کو اسلام آباد میں ہوگا جس کے لیے 17 اکتوبر تک فوج تعینات کی گئی ہے جبکہ اجلاس میں بھارت سمیت دیگر ممالک کے رہنما شرکت کریں گے۔

اپنا تبصرہ لکھیں