ممبئی (غیر ملکی میڈیا) بالی ووڈ اداکار کارتک آریان کی مبینہ گرل فرینڈ اور برطانیہ میں زیرِ تعلیم یونانی طالبہ کرینہ کوبیلیوٹ نے واضح کیا ہے کہ وہ کارتک آریان کی گرل فرینڈ نہیں ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق کرینہ کوبیلیوٹ نے یہ وضاحت کارتک آریان کی گوا میں تعطیلات کے دوران وائرل ہونے والی تصاویر اور اس حوالے سے گردش کرنے والی افواہوں کے جواب میں دی۔ سوشل میڈیا پر قیاس آرائیاں کی جا رہی تھیں کہ یونانی طالبہ کرینہ کوبیلیوٹ کارتک آریان کے ساتھ رومانوی تعلق میں ہیں۔
رپورٹس کے مطابق حال ہی میں کارتک آریان کی گوا کے ساحل پر چھٹیاں مناتے ہوئے تصاویر سوشل میڈیا پر سامنے آئیں، جن میں ان کے ہمراہ ایک لڑکی نظر آئی جو بظاہر کرینہ کوبیلیوٹ سے مشابہہ دکھائی دیتی تھی۔ تصاویر کے بعد مداحوں نے مختلف اندازوں سے دونوں کے تعلق کا دعویٰ شروع کر دیا۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارمز ایکس اور ریڈٹ پر صارفین نے تصاویر کا تقابلی جائزہ لیتے ہوئے سمندر کے زاویوں، ساحلی بیڈز اور تولیوں تک کا موازنہ کیا۔ بعض صارفین نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ کارتک آریان نے انسٹاگرام پر کرینہ کو فالو کیا تھا تاہم افواہیں پھیلنے کے بعد انہیں ان فالو کر دیا گیا۔
ابتدا میں کارتک آریان اور کرینہ کوبیلیوٹ دونوں نےمعاملے پر کوئی ردِعمل نہیں دیا تھا، جس کے باعث قیاس آرائیوں میں مزید اضافہ ہوا، تاہم اب کرینہ کی جانب سے واضح تردید کے بعد ان افواہوں کا خاتمہ ہو گیا ہے۔

