ممبئی (بھارتی میڈیا، شوبز رپورٹس) بالی ووڈ کے لیجنڈ اداکار انیل کپور نے اپنی ہلکی داڑھی اور مونچھ کے مشہور انداز کے پیچھے چھپا راز بتا دیا۔69 سالہ بھارتی اداکار نے 40 سال سے زائد عرصہ فلم انڈسٹری کو دیا اور سیکڑوں فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے، جبکہ بطور فلم ساز بھی متعدد پروجیکٹس مکمل کیے ہیں۔میڈیا تقریب میں انیل کپور نے اپنے کیریئر کے ابتدائی دور کی مشکلات اور اس سے جڑے دلچسپ واقعات بیان کیے۔
انہوں نے کہا کہ کیریئر کے آغاز میں جب وہ فلم سازوں کے پاس کام کی تلاش میں جاتے تو اکثر انہیں کم عمر سمجھا جاتا تھا، اس لیے انہوں نے اپنی عمر زیادہ ظاہر کرنے کے لیے جان بوجھ کر ہلکی داڑھی رکھنا شروع کر دی۔انیل کپور کے مطابق اُس وقت فلم انڈسٹری کے بڑے اداکاروں جیسے دھرمیندر، امیتابھ بچن اور ونود کھنہ کا انداز بھی ہلکی داڑھی والا تھا جو اس دور میں خاصا مقبول تھا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ بعد میں ان کی مونچھ ایک مسئلہ بن گئی تھی کیونکہ فلم انڈسٹری میں یہ تصور عام تھا کہ بڑی مونچھ رکھنے والا اداکار ہیرو نہیں بن سکتا، تاہم وقت کے ساتھ یہی انداز ان کی پہچان بن گیا۔انیل کپور کی حالیہ فلم صوبیدار ہے جس کی ہدایت کاری سریش تریونی نے کی ہے اور یہ فلم ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر دستیاب ہے۔

