منی ایپولس(بی بی سی، امریکی محکمہ ہوم لینڈ سیکیورٹی)امریکا کے شہر منی ایپلس میں وفاقی ایجنٹ کی فائرنگ سے ہلاک ہونے والے 37 سالہ شخص کی شناخت الیکس جیفری پریٹی کے طور پر ہوگئی ہے، جو امریکی شہری تھا۔ امریکی محکمہ ہوم لینڈ سیکیورٹی نے بی بی سی کو تصدیق کی ہے کہ واقعہ صبح 9 بج کر 5 منٹ پر اس وقت پیش آیا جب بارڈر پیٹرول افسران ایک ٹارگٹڈ آپریشن میں مصروف تھے۔
محکمہ ہوم لینڈ سیکیورٹی کی ترجمان ٹریشیا میکلافلن کے مطابق افسران ایک ایسے شخص کو گرفتار کرنے کی کارروائی کر رہے تھے جو ان کے بقول پرتشدد حملے کے مقدمے میں مطلوب تھا اسی دوران ایک شخص 9 ایم ایم سیمی آٹومیٹک ہینڈ گن کے ساتھ موقع پر آیا۔ ترجمان کے مطابق افسران نے ملزم کو غیر مسلح کرنے کی کوشش کی مگر اس نے مزاحمت کی جس پر ایک ایجنٹ نے اپنی اور ساتھی اہلکاروں کی جان کے تحفظ کیلئے فائرنگ کی۔
ہوم لینڈ سیکیورٹی کا کہنا ہے کہ زخمی شخص کو فوری طبی امداد دی گئی تاہم وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا، جبکہ اس کے پاس سے دو میگزین اور کوئی شناختی دستاویز نہیں ملی۔ ترجمان کے مطابق مظاہرین موقع پر پہنچ گئے جنہوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائی میں رکاوٹ ڈالنے اور اہلکاروں سے جھڑپ کی کوشش کی۔
دوسری جانب بعد ازاں سامنے آنے والی معلومات کے مطابق ہلاک ہونے والے شخص کی شناخت الیکس جیفری پریٹی کے طور پر ہوئی ہے، جو 37 سالہ امریکی شہری تھا۔ واقعے کے بعد منی ایپلس میں احتجاجی مظاہرے شروع ہوگئے ہیں اور واقعے کی شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔

