موزیک فیسٹیول کا دوسرا دن: موسیقی، ثقافت اور ہم آہنگی کا شاندار مظاہرہ

20 سالہ جشن میں ہزاروں افراد کی شرکت، معروف گلوکارہ آئمہ بیگ نے سماں باندھ دیا

مسّی ساگا (نمائندہ خصوصی)کینیڈا کے شہر مسی ساگا میں جاری موزیک فیسٹیول 2025 کے دوسرے دن کو ایک یادگار شام کے طور پر منایا گیا۔ اس رنگا رنگ تقریب میں ہزاروں افراد نے شرکت کی اور جنوبی ایشیائی ثقافت، موسیقی، رقص، کھانوں اور یکجہتی کے اس عظیم جشن کو سراہا۔

فیسٹیول کے دوسرے دن کا آغاز “موزیک رائزنگ اسٹار سنگنگ مقابلہ” کے فائنل راؤنڈ سے ہوا، جہاں نوجوان گلوکاروں نے اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائے۔ ڈی جے دتہ بوسے کی موسیقی نے پورے اسکوائر کو جھومنے پر مجبور کر دیا۔

تقریب کی میزبانی علی کاظمی اور نِتین آر مرانی نے نہایت دلکش انداز میں کی، جبکہ “20 سالہ موزیک اینڈ آر ٹی سی ڈاکیومنٹری” کی نمائش نے شرکاء کو اس طویل اور خوبصورت سفر کی جھلک دکھائی۔

سینٹ اینڈریوز پائپس اینڈ ڈرمز نے رنگ برنگے پرچموں کے ساتھ ایک شاندار پریڈ کی قیادت کی، جس نے ثقافتی روایات کو نئے انداز میں پیش کیا۔ سمپردایا ڈانس کریئیشنز اور جوش بینڈ کی پرفارمنس نے محفل کو جاندار بنا دیا۔

شام کا اختتام خصوصی 20 ویں سالگرہ کی تقریب اور پرچم کشائی کی رسم سے ہوا، جو کہ اس دو دہائیوں کے سفر کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے منعقد کی گئی۔ بعد ازاں، گلوکارہ آئمہ بیگ کی جادوئی آواز نے حاضرین کو مسحور کر دیا۔ ہزاروں شرکاء نے ان کے گیتوں پر جھومتے، گنگناتے اور تالیاں بجاتے ہوئے اس لمحے کو یادگار بنا دیا۔

اس موقع پر وفاقی وزیر شفقات علی نے بھی شرکت کی اور موزیک فیسٹیول کو کینیڈا میں بین الثقافتی ہم آہنگی کی بہترین مثال قرار دیا۔منتظمین ارشد محمود (آغا جی)، اسماء محمود، رضاکاروں اور اسپانسرز کی خدمات کو بھرپور خراج تحسین پیش کیا گیا۔ ان کی محنت کے بغیر یہ تقریب ممکن نہ تھی۔اختتام پر منتظمین نے اعلان کیا کہ موزیک فیسٹیول کا 21 واں ایڈیشن اگلے سال پہلے سے بھی زیادہ شاندار ہوگا۔

اپنا تبصرہ لکھیں