مونٹریال کا خودکار میٹرو نظام اگلے چھ ہفتوں کیلئے بند، مسافر مشکلات کاشکار

مونٹریال(نامہ نگار)ڈاؤن ٹاؤن مونٹریال اور بروسارڈ کے درمیان چلنے والا جدید ترین خودکار میٹرو نظام REM ہفتہ سے مکمل طور پر بند ہو گیا ہے، اور یہ بندش آئندہ چھ ہفتے جاری رہے گی۔ اس دوران پانچوں REM اسٹیشنز مکمل طور پر بند ہوں گے، جس سے ہزاروں روزانہ سفر کرنے والے متاثر ہوں گے۔

REM انتظامیہ کے مطابق یہ بندش دوہل مونٹنیگن اور آنس-ا-لورم شاخوں کی آئندہ مرحلے میں شمولیت کے سلسلے میں کی جانے والی آزمائشی ٹیسٹنگ کیلئےضروری ہے۔ REM سروس 18 اگست کو بحال ہونے کی توقع ہے۔

REM ٹرینوں کی بندش کے بعد، مسافروں کو متبادل سفری ذرائع استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ان کے لیے شٹل بسوں کا بندوبست کیا گیا ہے، جبکہ انگریگیون اور لونگییل ٹرمینلز کی سروس کیلئےExo ٹرینوں کی فریکوئنسی بھی بڑھا دی گئی ہے۔

متاثرہ مسافروں نے جمعہ کے روز اپنے تحفظات اور ناراضگی کا اظہار کیا۔ کانڈیایک کی رہائشی فلورنس لیفبرو نے کہا”یہ افسوسناک ہے کیونکہ ہم اچھی سروس کیلئےادائیگی کر رہے ہیں۔ ہمیں اب بس لینی پڑے گی جس میں وقت زیادہ لگے گا۔”

بروسارڈ کے نِکولس اگڈیلو نے کہا”میں واقعی نہیں جانتا کہ اگلے ہفتے مجھے کام پر جانے کیلئےکیا کرنا ہوگا۔”

ڈیل سون کی نیتالی لی مے نے اس صورتحال کو “ناگوار” اور “غیر منصفانہ” قرار دیا، جبکہ بروسارڈ کی رہائشی پارابولا فوادی نے اسے “ناقابل برداشت” کہا۔

ایک اور مسافر جوئیل نگ نے کہا”یہ میرے کام تک پہنچنے کا سفر کہیں زیادہ لمبا کردے گا۔ پہلے براہ راست REM تھی، اب دو بسیں لینی ہوں گی۔”

مسافروں کی بڑی تعداد نے REM کی ٹیکنیکل اعتباریت پر بھی سوالات اٹھائے، خاص طور پر اس کے گزشتہ مسائل کی بنیاد پر۔ فلپ لافون نے کہا”مسئلہ یہ ہے کہ آج کی ٹیکنالوجی کے ساتھ بھی ہم ایسی ٹرین نہیں بنا سکے جو باقاعدگی سے کام کرے۔”

لیفبرو نے مزید کہا”بارش ہو یا برف، ہر موسم میں کوئی نہ کوئی خرابی ضرور آتی ہے۔”

آر ٹی ایم (ARTM) کی جانب سے شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ جب ممکن ہو تو دور سے کام کریں یا رش کے اوقات سے ہٹ کر سفر کریں تاکہ نیٹ ورک پر دباؤ کم ہو سکے۔

REM ٹرین سروس کی عارضی بندش سے مونٹریال اور بروسارڈ کے ہزاروں مسافروں کو سخت پریشانی کا سامنا ہے۔ شہری اس منصوبے کی بار بار کی خرابیوں اور غیر متوقع بندشوں سے نالاں نظر آتے ہیں۔ REM انتظامیہ کی جانب سے سروس کی بحالی کی متوقع تاریخ 18 اگست مقرر کی گئی ہے، تاہم عوام اس کے مؤثر اور مستحکم ہونے پر سوالات اٹھا رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں