مٹیاری(نامہ نگار) — سندھ کے ضلع مٹیاری میں وہاب شاہ ریلوے اسٹیشن پر مال گاڑی پٹڑی سے اتر گئی، جس کے نتیجے میں اپ اور ڈاؤن ٹریک دونوں پر ٹریفک معطل ہو گیا۔
ریلوے حکام کے مطابق حادثے کا شکار مال گاڑی کراچی سے لاہور جارہی تھی۔ پٹڑی سے اترنے کے بعد دونوں ٹریک بلاک ہوگئے اور ٹرینوں کی آمدورفت فوری طور پر معطل ہوگئی۔ریلوے انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ریلیف ٹیم موقع پر موجود ہے اور ٹریک کو بحال کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔
حادثے کے باعث کراچی اور لاہور آنے اور جانے والی متعدد ٹرینوں کو مختلف اسٹیشنوں پر روک دیا گیا ہے، جس کے باعث مسافروں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

