مکہ مکرمہ: وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر نے عمرے کی سعادت حاصل کی

مکہ مکرمہ(بیورورپورٹ) وزیراعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان محمد شہباز شریف اور چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے گزشتہ شب خانہ کعبہ میں عمرے کی سعادت حاصل کی۔ اس موقع پر پاکستانی وفد کیلئے خانہ کعبہ کا دروازہ خصوصی طور پر کھولا گیا، جہاں وزیراعظم، فیلڈ مارشل اور وفد کے دیگر ارکان نے نوافل ادا کیے۔

وفد نے “آپریشن بنیان مرصوص” کی عظیم کامیابی پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا اور ملک کی معاشی بہتری، عوامی فلاح و بہبود اور استحکام کیلئےکیے گئے اقدامات پر رب العزت کا شکر بجا لایا۔ اس موقع پر کشمیری اور فلسطینی مظلوم مسلمانوں سمیت پوری امت مسلمہ کیلئےخصوصی دعائیں کی گئیں۔اس بابرکت موقع پر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحٰق ڈار، وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ بھی وفد کا حصہ تھے۔

واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل عاصم منیر اور وفاقی وزرا پر مشتمل اعلیٰ سطحی وفد گزشتہ روز سعودی عرب کے خصوصی دورے پر روانہ ہوا تھا۔ اس دورے کے دوران وزیراعظم سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے خصوصی ملاقات کرینگے جس میں دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، علاقائی سلامتی اور امت مسلمہ کی فلاح و بہبود سے متعلق امور پر تبادلہ خیال ہوگا۔وزیراعظم شہباز شریف سعودی قیادت کا حالیہ پاک-بھارت کشیدگی کم کرنے میں تعمیری کردار پر شکریہ بھی ادا کریں گے۔

اپنا تبصرہ لکھیں