مہنگائی کے ستائے عوام کیلئے بُری خبر

مہنگائی کے ستائے کراچی کے عوام کیلیے بُری خبر یہ ہے کہ آئندہ چند روز میں مرغی کے گوشت اور انڈے کی فی درجن قیمت میں اضافہ ہو سکتا ہے۔

مرغی کے گوشت کی قیمت میں فی کلو 100 سے 150 روپے جبکہ انڈے کی قیمت میں فی درجن 50 سے 70 روپے اضافے کا امکان ہے۔

کراچی میں آج مرغی کے گوشت کی قیمت 480 روپے فی کلو ہے جبکہ انڈے 240 روپے فی درجن میں فروخت کیے جا رہے ہیں۔

گزشتہ ماہ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ نے مرغی کی فیڈ پر ٹیکس چھوٹ ختم کرنے کی حمایت کی تھی۔ قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں ایف بی آر حکام نے بتایا تھا کہ مرغی کی فیڈ پر 10 فیصد ٹیکس چھوٹ ختم کی جا رہی ہے۔

ٹیکس حکام کا کہنا تھا کہ گائے اور بھینس سمیت لائیو اسٹاک فیڈ پر بھی 10 فیصد سیلز ٹیکس عائد ہوگا، اس سے سیلز ٹیکس کی مد میں سینتالیس ارب روپے حاصل ہوں گے۔

اس پر کمیٹی کی رکن انوشے رحمان نے کہا تھا کہ مرغی کی فیڈ مہنگی ہونے سے مرغی مہنگی ہو جائے گی، مرغی 480 روپے کے بجائے 580 روپے کلو ہو جائے گی۔

سینیٹر فاروق نائیک نے پوچھا تھا کہ شیر مال پر ٹیکس کس کی سوچ میں آیا؟ شیر مال تو کراچی والے قورمے کے ساتھ کھاتے ہیں۔ اس پر انوشے رحمان نے کہا تھا کہ میں شیر مال نہاری کے ساتھ کھاتی ہوں۔

انوشے رحمان نے مزید کہا تھا کہ مرغی کی قیمت بڑھے گی تو انتظامیہ پولٹری والوں کو تنگ کرنے پہنچ جائے گی۔

اپنا تبصرہ لکھیں