کیلگری (نمائندہ خصوصی)کیلگری کی میئر جیوتی گونڈیک نے سٹی کونسل اجلاس میں کھلے عام منشیات کے استعمال پر قابو پانے کے لیے پائلٹ پروگرام کی تیاری تیز کرنے کی قرارداد پیش کی۔ قرارداد کا مقصد عوامی مقامات پر تحفظ بحال کرنا اور اس مسئلے کا جلد حل تلاش کرنا ہے۔
سٹی کونسل اجلاس میں کیلگری کی میئر جیوتی گونڈیک نے عوامی تحفظ سے متعلق نوٹس آف موشن میں ترمیم پیش کی جو مزید جائزے کے لیے منظور کر لی گئی۔ اس ترمیم کا مقصد کھلے عام منشیات کے استعمال کو روکنے اور عوامی مقامات پر امن قائم کرنے کے لیے پائلٹ پروگرام کو جلد از جلد شروع کرنا ہے۔
میئر گونڈیک نے اجلاس میں کہا کہ “کیلگری کے شہری محفوظ سڑکوں، محفوظ ٹرانزٹ اور محفوظ محلوں کے حقدار ہیں۔ کھلے عام منشیات کا استعمال نہ صرف استعمال کرنے والے کے لیے خطرناک ہے بلکہ ہمارے مشترکہ مقامات میں بے چینی اور بدامنی پیدا کرتا ہے۔” انہوں نے کہا کہ یہ ترمیم غیر ضروری رکاوٹیں ختم کر کے منصوبے کو تیز رفتار پر عملدرآمد کیلئے ہے۔
ترمیم کے مطابق انتظامیہ کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ 2026 کے پہلے نصف تک کمیونٹی ڈویلپمنٹ کمیٹی کو رپورٹ پیش کرے جس میں شامل ہو:
وفاقی، صوبائی اور میونسپل قوانین میں ممکنہ تبدیلیوں کا خلاصہ تاکہ امن افسران کو نامعلوم مادہ ضبط کرنے، منتقل کرنے اور تلف کرنے کے مزید اختیارات دیے جا سکیں۔دیگر کینیڈین شہروں کے اقدامات کا تجزیہ جنہوں نے کھلے عام منشیات کے استعمال پر پابندی لگانے کے لیے عملی اقدامات کیے۔
“کمیونٹی کورٹس جیسے عدالتی ڈائیورژن پروگرامز کا جائزہ”
میئر گونڈیک نے کمیونٹی کورٹ کے فنڈنگ ماڈل کا بھی جائزہ طلب کیا ہے تاکہ 2026 کے بجٹ میں اس پروگرام کی فنڈنگ جاری رکھی جا سکے اور پائلٹ پروگرام کے تحت ہونے والی خلاف ورزیوں کو کمیونٹی کورٹ کے دائرہ کار میں شامل کیا جا سکے۔ انہوں نے مزید زور دیا کہ 2027 سے 2030 تک کے بجٹ میں بھی اس منصوبے کے لیے فنڈز مختص رہیں۔
میئر گونڈیک نے کہا کہ “کمیونٹی کورٹ کے ذریعے پائلٹ پروگرام یہ یقینی بنائے گا کہ قانون توڑنے والوں کو جوابدہ ٹھہرایا جائے اور انہیں ایسی مدد فراہم کی جائے جو انہیں بہتر راستے پر لا سکے۔ یہ اقدام عوامی اعتماد بحال کرنے اور شہریوں کے لیے حقیقی حل پیدا کرنے کی جانب ایک قدم ہے۔”
انہوں نے مزید مطالبہ کیا کہ صوبائی وزیر برائے عوامی تحفظ اور ایمرجنسی سروسز کو خط لکھ کر ٹرانزٹ اور امن افسران کو نامعلوم مادہ ضبط کرنے اور تلف کرنے کے لیے مزید اختیارات دینے کی درخواست کی جائے۔
یاد رہے کہ میئر گونڈیک 20 اکتوبر کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں دوسری مدت کے لیے امیدوار بھی ہیں۔یہ تجویز کیلگری میں عوامی تحفظ کو بہتر بنانے اور منشیات کے مسئلے کے حل کے لیے ایک عملی اور جامع حکمتِ عملی سمجھی جا رہی ہے۔

