میرا مقصد اور کوشش تھی کہ پاکستان میں انٹرنیشنل مقابلوں کو لایا جائے:اعصام الحق

پاکستان میں انٹرنیشنل ٹینس کے ایونٹس کروانے کےلیے صدر پاکستان ٹینس فیڈریشن اعصام الحق قریشی سرگرم ہیں۔ انٹرنیشنل ٹینس اے ٹی پی کے نمائندے آندرے کورنیلووف نے ٹینس سینٹر کا دورہ کیا اور انٹرنیشنل ایونٹس کےلیے سہولیات کا جائزہ لیا۔

نشتر اسپورٹس کمپلیکس میں واقع ٹینس سینٹر میں پاکستان ٹینس فیڈریشن کے صدر اعصام الحق قریشی نے آندرے کورنیلووف کو بریفنگ دی۔

دورے کا مقصد پاکستان میں اے ٹی پی چیلنجرز اور آئی ٹی ایف ایونٹس کے لیے سہولیات کا جائزہ اور پاکستان کو کلیئرنس دینا تھا۔ آئی ٹی ایف نمائندے کی رپورٹ کی روشنی میں پاکستان کو انٹرنیشنل مقابلوں کی میزبانی دی جاسکتی ہے۔

اس موقع پر اعصام الحق قریشی کا کہنا تھا کہ صدر بننے کے بعد میرا مقصد اور کوشش تھی کہ پاکستان میں انٹرنیشنل مقابلوں کو لایا جائے۔ پاکستان میں پہلی بار ٹینس کی اعلیٰ گورننگ باڈی اے ٹی پی کا نمائندہ پاکستان آیا۔

اعصام الحق نے کہا کہ اپنے تمام بچوں کو باہر تو نہیں بھیج سکتے مگر ان کے لیے انٹرنیشنل مقابلے یہاں کروا سکتے ہیں۔ ابھی سیکیورٹی مسائل کی وجہ سے اے ٹی پی نے میزبانی کےلیےصرف اسلام آباد کو منظورکیا ہوا ہے۔

اپنی بات جاری رکھتے ہوئے صدر پاکستان ٹینس فیڈریشن کا کہنا تھا کہ کوشش ہے انٹرنیشنل ٹینس کو لاہور میں کروائیں اور اگر اس دورے کے بعد لاہور کے ٹینس سینٹر کو کلیئرنس مل جاتی ہے تو اگلے سال فروری اور مارچ میں ایونٹس کروائیں گے۔

اپنا تبصرہ لکھیں