پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ و ماڈل عائزہ خان نے کہا ہے کہ ڈرامہ سیریل ’میرے پاس تم ہو‘ کے بعد میں اپنے شوہر، اداکار و میزبان دانش تیمور کی مزید قدر کرنے لگی ہوں۔
نجی ٹی وی چینل پر نشر ہونے والی ڈرامہ سیریل ’میرے پاس تم ہو‘ بلاک بسٹر ثابت ہوئی تھی جسے خلیل الرحمٰن نے لکھا تھا۔
’میرے پاس تم ہو‘ کو ناصرف پزیرائی حاصل ہوئی تھی بلکہ اس کے مرکزی کردار کو ایک لالچی خاتون کی شکل میں پیش کرنے پر خوب تنقید بھی کی گئی تھی۔
’میرے پاس تم ہو‘ میں عائزہ خان نے پیسے کے پیچھے بھاگنے والی خاتون جبکہ اداکار ہمایوں سعید نے اداکارہ کے مدِ مقابل ایک مفلس شوہر کا کردار ادا کیا تھا۔
حال ہی میں اداکارہ عائزہ خان نے برطانیہ میں فلسطین کے لیے فنڈ ریزنگ تقریب کے دوران اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ مجھے ڈرامہ سیریل ’میرے پاس تم ہو‘ میں ’مہوش‘ کے کردار نے اپنے شوہر دانش تیمور کی پہلے سے زیادہ عزت اور مزید قدر کرنا سکھایا ہے۔
اداکارہ نے مزید کہا کہ میں اپنے کیریئر کے دوران ایسے ڈراموں میں کام کرنے پر یقین رکھتی ہوں جن سے شائقین کو کوئی اچھا پیغام اور سبق حاصل ہو۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ میں جب بھی کسی پروجیکٹ کا انتخاب کرتی ہوں تو اس بات پر بھی غور کرتی ہوں کہ آیا میں اس کہانی یا کردار سے کچھ سیکھ سکتی ہوں یا نہیں۔