اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وزیراعظم شہباز شریف نے منگل کی شب کہا کہ پاکستان کو بھارت کی جانب سے میزائل حملوں کے جواب میں “مؤثر جواب” دینے کا پورا حق حاصل ہے۔
انہوں نے وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا”دشمن نے پاکستان کے پانچ مقامات پر بزدلانہ حملہ کیا ہے اور ہم اس مسلط کی گئی جنگ کے خلاف مؤثر جواب دینے کیلئےپوری طرح تیار ہیں۔”
وزیراعظم نے کہا کہ پوری قوم افواجِ پاکستان کے ساتھ بلند حوصلے اور جذبے کے ساتھ کھڑی ہے۔انہوں نے کہا، “ہماری قوم اور افواج دشمن کا مقابلہ کرنے کیلئے پُرعزم اور بے خوف ہیں۔”
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا، “پاکستان اپنے دشمن کو اپنے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دے گا۔” منگل کی رات بھارت نے پاکستان کے پانچ مقامات پر میزائل حملے کیے جن میں ایک بچہ جاں بحق اور دو افراد، جن میں ایک خاتون بھی شامل ہے، زخمی ہوئے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق، بھارت کے طیاروں نے اپنی فضائی حدود سے کوٹلی، مظفرآباد، باغ، احمد پور شرقیہ اور مریدکے کے علاقوں کو نشانہ بنایا۔