میونخ :فیلڈ مارشل عاصم منیر کی امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو سے ملاقات

میونخ (آئی ایس پی آر)سید عاصم منیر نے جرمنی میں امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو سے ملاقات کی جس میں باہمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات کے دوران عالمی و علاقائی سلامتی کی صورتحال اور انسدادِ دہشتگردی میں تعاون پر گفتگو ہوئی۔ فیلڈ مارشل نے 62 ویں میونخ‌سیکیورٹی کانفرنس میں بھی شرکت کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے جرمن وزیر داخلہ سے دو طرفہ سیکیورٹی تعاون پر تبادلہ خیال کیا جبکہ جرمن چانسلر کے مشیر سے خارجہ اور سلامتی امور پر گفتگو کی۔ جرمن مسلح افواج کے سربراہ جنرل کارسٹن بریور سے بھی دفاعی تعاون پر بات چیت ہوئی۔

مزید برآں برازیل کے جوائنٹ اسٹاف سربراہ اور لبنان کی مسلح افواج کے کمانڈر جنرل روڈولف ہیکل سے ملاقاتوں میں عالمی و علاقائی سیکیورٹی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقاتوں میں دفاعی اشتراک بڑھانے اور تعاون کو مزید مستحکم بنانے پر اتفاق کیا گیا۔فیلڈ مارشل کا دورہ 12 سے 14 فروری تک جاری رہا۔