میچ ریفری کا تنازع: قومی ٹیم نے دبئی میں پریس کانفرنس ملتوی کر دی

دبئی(نمائندہ خصوصی)پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ ایشیا کپ میچ میں میچ ریفری اینڈی پائیکرافٹ کی جانب سے جانبداری کے الزام پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سخت ردِعمل دیا ہے اور دبئی میں طے شدہ پریس کانفرنس ملتوی کر دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق قومی ٹیم کا متحدہ عرب امارات کے خلاف میچ سے قبل آج دبئی میں پریس کانفرنس شیڈول تھی، تاہم پی سی بی نے اینڈی پائیکرافٹ کو ایونٹ سے نہ ہٹائے جانے پر احتجاج کے طور پر پریس کانفرنس ملتوی کر دی۔ ذرائع کے مطابق پی سی بی نے ایشیا کپ 2025 کے بائیکاٹ سے متعلق حکومت پاکستان سے بھی مشاورت شروع کر دی ہے اور حتمی فیصلہ ہونے کے بعد ایونٹ کھیلنے یا دستبرداری کے بارے میں باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ پاک-بھارت میچ کے دوران میچ ریفری نے ٹاس کے وقت کپتانوں سے ہاتھ نہ ملانے کی ہدایت دی تھی اور میچ کے اختتام پر بھارتی ٹیم نے پاکستانی کھلاڑیوں سے مصافحہ نہیں کیا تھا۔ پی سی بی نے اس رویے کو کھیل کی روح کے منافی قرار دیتے ہوئے اینڈی پائیکرافٹ کو ہٹانے کا مطالبہ کیا تھا اور مطالبہ نہ ماننے کی صورت میں ایشیا کپ سے دستبرداری کی دھمکی دی تھی۔

پاکستان کا اگلا میچ 17 ستمبر کو دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں یو اے ای کے خلاف شیڈول ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں