میچ ریفری کی بھارتی عہدیداروں سے ملی بھگت ثابت، پی سی بی کا سخت ردعمل

دبئی (اسپورٹس ڈیسک)ایشیا کپ 2025 میں پاک-بھارت میچ کے دوران میچ ریفری اینڈی پائیکرافٹ کی بھارتی عہدیداروں کے ساتھ ملی بھگت ثابت ہو گئی، جس کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے شدید احتجاج ریکارڈ کراتے ہوئے میچ ریفری کو ہٹانے کا مطالبہ کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات میں جاری ایشیا کپ میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان کھیلے گئے میچ میں میچ ریفری اینڈی پائیکرافٹ نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا کو ٹاس کے وقت بھارتی کپتان سوریا کمار یادوو سے ہاتھ ملانے سے روک دیا۔ ذرائع کے مطابق یہ اقدام بھارت سے تعلق رکھنے والے وینیو منیجر کی ہدایت پر کیا گیا۔

مزید برآں، میچ ریفری نے ٹاس کے وقت سلمان علی آغا کا مائیک بھی میوٹ کر دیا تاکہ گفتگو نشر نہ ہو سکے۔ یاد رہے کہ آئی سی سی قوانین کے مطابق میچ ریفری براہ راست کھلاڑیوں یا کپتانوں کو ہدایات دینے کا مجاز نہیں بلکہ وہ صرف ٹیم منیجر کے ذریعے پیغام پہنچا سکتا ہے۔

میچ کے اختتام پر بھارتی ٹیم نے بھی اسپورٹس مین اسپرٹ کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پاکستانی کھلاڑیوں سے ہاتھ نہیں ملایا اور سیدھا ڈریسنگ روم چلی گئی، جس پر احتجاجاً قومی ٹیم کے کپتان نے اختتامی تقریب میں شرکت سے انکار کر دیا۔

پی سی بی نے واقعے پر سخت ردعمل دیتے ہوئے ایشین کرکٹ کونسل کو خط لکھا ہے اور میچ ریفری اینڈی پائیکرافٹ کو ایشیا کپ سے ہٹانے کا مطالبہ کیا ہے، بصورتِ دیگر مزید میچز نہ کھیلنے کی دھمکی دی ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں