میکسیکو: بارش کے بعد شہری علاقے میں سیکڑوں مگر مچھ داخل

میکسیکو کے شمالی علاقے میں طوفانی بارشوں کے بعد سیکڑوں مگر مچھ شہری علاقوں میں داخل ہوگئے۔

حکام کا کہنا ہے کہ گزشتہ ماہ سے جاری بارشوں کے بعد سے اب تک تقریباً 200 مگر مچھ مختلف علاقوں میں داخل ہوئے، جنہیں پکڑ کر محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا ہے۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ شدید بارشوں نے ساحلی جھیلوں میں پانی کی سطح کو بلند کردیا، جس کے نتیجے میں مگر مچھ بڑی تعداد میں باہر نکل کر شہری علاقوں میں داخل ہوئے۔

حکام نے یہ بھی بتایا کہ جون میں تقریباً 40 مگر مچھ کچھ علاقوں میں پکڑے گئے تھے، جنہیں آبادی سے دور علاقوں میں بنی مناسب رہائش گاہوں میں منتقل کیا گیا ہے۔

انتظامیہ نے کہا کہ شہری علاقوں میں مزید مگر مچھوں کے نظر آنے کا امکان ہے، کیونکہ جیسے جیسے سڑکوں سے نکاسی آب کا سلسلہ شروع ہوگا تو مزید مگر مچھ ظاہر ہوں گے اور یقینی طور پر ان کی تعداد میں اضافہ ہوگا۔

حکام کے مطابق سوشل میڈیا پر صارفین کی جانب سے مختلف ویڈیوز پوسٹ کرنے کے بعد انہیں مگر مچھ کے علاقوں میں داخل ہونے کا علم ہوا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں