میں آج بھی ’عاشق مزاج‘ اور ’دھوکے باز‘ کے لیبل کیساتھ جی رہا ہوں: رنبیر کپور

بالی ووڈ کے معروف اداکار و چاکلیٹی ہیرو رنبیر کپور نے ماضی میں انڈسٹری کی دو نامور، کامیاب اداکاراؤں کے ساتھ ڈیٹنگ کا اعتراف کرتے ہوئے شکوہ کیا ہے کہ میں آج بھی ’کاسانوا‘ (عاشق مزاج) اور ’چیٹر‘ (دھوکے باز) کے لقب کے ساتھ جی رہا ہوں۔

یاد رہے کہ اداکار رنبیر کپور ماضی میں دل پھینک ہیرو کے نام سے مشہور رہے ہیں، رنبیر کپور اداکارہ عالیہ بھٹ سے شادی سے قبل نامور اداکارہ دیپیکا پڈوکون، نرگس فاخری اور اداکارہ کترینہ کیف کے ساتھ تعلقات میں رہ چکے ہیں۔

ان سب اداکاراؤں کے ساتھ رنبیر کپور کے معاشقے کسی سے ڈھکے چھپے نہیں بلکہ بہت مضبوط رہے ہیں۔

رنبیر کپور نے دیپیکا، کترینہ اور نرگس کا دل توڑتے ہوئے 2022 کے اپریل میں اداکارہ عالیہ بھٹ سے شادی کر لی تھی جبکہ اس جوڑی کے ہاں 6 نومبر 2022 کو پہلی اولاد، بیٹی راہا کی پیدائش ہوئی تھی۔

اب حال ہی میں اداکار نے اپنے رنگین ماضی سے متعلق بات کرتے ہوئے خود کو بے قصور ٹھہرانے کوشش کی ہے۔

اداکار رنبیر کپور نے ایک بھارتی پوڈ کاسٹ میں انٹرویو کے دوران دو انتہائی کامیاب اداکاراؤں کے ساتھ ڈیٹنگ سے متعلق کھل بات کی ہے اور اپنی رائے کا اظہار کیا ہے۔

اداکار کا کہنا ہے کہ ’میری زندگی کے ایک بڑے حصے کے لیے مجھے دھوکا دینے والا قرار دے دیا گیا، میں اب بھی اسی لقب کے ساتھ جی رہا ہوں۔‘

بھارتی میڈیا سائٹ ’بالی ووڈ ہنگامہ‘ کے مطابق رنبیر کپور کا یہ انٹرویو آئندہ ہفتے کو ریلیز کیا جائے گا۔

رنبیر کپور نے جہاں اس پوڈ کاسٹ میں اپنے مرحوم والد رشی کپور، اہلیہ عالیہ بھٹ اور بیٹی راہا سے متعلق بات کی ہے وہیں اپنے پرانے معاشقوں کی بھی یادیں تازہ کی ہیں۔

اداکار کو اس انٹرویو کے ٹیزر میں ماضی پر بات کرتے ہوئے سنا جا سکتا ہے۔

رنبیر کپور کا کہنا ہے کہ ’میں نے دو بہت کامیاب اداکاراؤں کو ڈیٹ کیا اور یہ ڈیٹنگ میری پہچان بن گئی کہ میں ایک کاسانووا (عاشق مزاج) ہوں، میری زندگی کے ایک بہت بڑے حصے کے لیے مجھے دھوکے باز قرار دے دیا گیا ہے، میں اب بھی ایسے لقب سنتا ہوں اور ان کے ساتھ زندگی گزار رہا ہوں۔‘

مذکورہ انٹرویو میں رنبیر کپور نے اپنی بیٹی سے متعلق بات کرتے ہوئے راہا کو اپنا سکون اور دل کا ٹکڑا قرار دیا ہے۔

یاد رہے کہ اداکار رنبیر کپور خوبرو اداکاراؤں، دیپیکا پڈوکون اور کترینہ کیف کے ساتھ فلمی اسکرین بھی شیئر کر چکے ہیں۔

اب یہ دونوں اداکارائیں بھی شادی شدہ ہیں، اداکارہ دیپیکا پڈوکون نے اداکار رنویر سنگھ سے شادی کی تھی، یہ جوڑی جَلد ہی والدین بننے والی ہے۔

دوسری جانب اداکارہ کترینہ کیف بھی اداکار وکی کوشل سے شادی کر کے اپنا گھر بسا چکی ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں