ٓآسکر ایوارڈ یافتہ بھارتی موسیقار اے آر رحمان کی گٹارسٹ موہنی ڈے نے آخرکار اپنی طلاق کو اے آر رحمان اور سائرہ بانو کی علیحدگی سے جوڑنے والی افواہوں پر خاموشی توڑ دی۔
اے آر رحمان 19 نومبر سے اپنی اہلیہ سائرہ بانو سے طلاق کے اعلان کے بعد سے سرخیوں میں ہیں، اے آر رحمان کی علیحدگی کی خبروں کے بریک ہونے کے چند گھنٹے بعد، ان کی گٹارسٹ موہنی ڈے نے بھی اپنے شوہر مارک ہرٹسچ سے علیحدگی کا اعلان کیا تھا۔
ایک ہی وقت میں دونوں خبروں کی سرخیاں بننے کے ساتھ، نیٹیزین نے دونوں خبروں کے درمیان تعلق کی قیاس آرائیاں شروع کر دیں، تاہم اب آخر کار موہنی نے اس معاملے پر خاموشی توڑ دی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق موہنی ڈے نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر لکھا کہ مجھے انٹرویوز کے لیے بہت زیادہ درخواستیں موصول ہو رہی ہیں اور میں جانتی ہوں کہ یہ کس بارے میں ہیں، اس لیے میں ان سب کو انٹرویو دینے سے منع کردیا ہے۔
موہنی ڈے نے کہا کہ میں بے بنیاد افواہوں کو ہوا دینے میں کوئی دلچسپی نہیں رکھتی اور ان افواہوں پر اپنی توانائی ضائع نہیں کرنا چاہتی، اس لیے مہربانی کرکے میری پرائیویسی کا احترام کریں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل اے آر رحمان کی اہلیہ سائرہ کی وکیل وندنا شاہ نے کہا تھا کہ اے آر رحمان اور سائرہ بانو کی طلاق کا موہنی ڈے کی طلاق سے دور دور تک کوئی تعلق نہیں۔بھارتی میڈیا کے مطابق 29 سالہ موہنی کولکتا سے تعلق رکھنے والی ایک مشہور گٹارسٹ ہیں جنہوں نے اے آر رحمان کے ساتھ دنیا بھر میں 40 سے زائد شوز میں پرفارم کیا ہے۔