بالی ووڈ کی دبنگ گرل اداکارہ سوناکشی سنہا کے شوہر و اداکار ظہیر اقبال کا کہنا ہے کہ وہ سوناکشی کے ساتھ بھاگ کر شادی کرنا چاہتے تھے لیکن صرف ایک چیز نے انہیں ایسا کرنے سے رُوک دیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکارہ سوناکشی سنہا اپنے دیرنیہ بوائے فرینڈ و اداکار ظہیر اقبال کے ساتھ مختصر سی شادی کی تقریب میں، اپنے عزیز و اقارب کی موجودگی میں، ممبئی میں اپنے گھر پر شادی کے بندھن میں بندھ گئی تھی۔
ان دونوں نے بین المذاہب شادی سے متعلق بھارتی قانون کے مطابق سول میرج کی تھی، بعدازاں ممبئی میں ہی بالی ووڈ ستاروں کے لیے شاندار استقبالیہ کا اہتمام کیا تھا۔
تاہم اب ایک انٹرویو کے دوران جب ظہیر اقبال سے سوال کیا گیا کہ کیا وہ ہمیشہ سے ہی ایک مختصر شادی کی تقریب کرنا چاہتے تھے؟، تو انہوں نے بتایا کہ وہ سوناکشی کے ساتھ بھاگ کر شادی کرنا چاہتے تھے۔
انہوں نے کہا کہ ان کی خواہش تھی کہ وہ اداکارہ کے ساتھ کسی دوسرے ملک جاکر، شادی کریں اور پھر واپس بھارت آجائیں لیکن بھارتی قانون نے انہیں ایسا کرنے سے رُوک دیا۔
ظہیر اقبال نے بتایا کہ بھارتی قانون کے مطابق یہ درست نہیں ہے کہ آپ لاس ویگس جائیں اور شادی کرکے واپس آجائیں، ایسی شادی کو بھارت میں قانونی حیثیت حاصل نہیں ہے۔
ظہیر اقبال کی بات کو کاٹتے ہوئے سوناکشی سنہا نے کہا کہ اس لیے یہ پلان منسوخ کرنا پڑا، لیکن میں ہمیشہ سے ایک بہت مختصر، قریبی رشتے داروں، عزیز و اقارب کی موجودگی میں شادی کرنا چاہتی تھی، اور ظہیر بھی مجھ سے متفق تھے کیونکہ ان کی زندگی کے اہم لوگ بھی اس شادی میں شریک ہوسکتے تھے۔