میں نے کہا تھا نہ، مودی کے حامیوں کو آگ لگ جائے گی:دھرو راٹھی

نئی دہلی(خصوصی رپورٹ)بھارت کے معروف یوٹیوبر اور کونٹینٹ کریئیٹر دھرو راٹھی نے بالی ووڈ کی فلم دھریندر کو بے نقاب کرنے کے بعد کہا ہے کہ ویڈیو بنانے سے قبل ہی انہیں خدشہ تھا کہ اس کا اثر شدید ہوگا اور “پورے گودی سسٹم میں آگ لگ گئی”۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں دھرو راٹھی نے بتایا کہ انہوں نے ویڈیو میں کمنٹ سیکشن بند کر دیا ہے اور صرف سبسکرائبرز ہی اس پر تبصرہ کر سکتے ہیں۔ انہوں نے اپنے مخالفین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ “تمام اندھ بھگتوں اور سوشل میڈیا سیل کے ٹرولز کو کہنا چاہوں گا کہ آپ لوگ جلد از جلد میرے چینل کو پروان چڑھائیں، اگر تبصرہ کرنا چاہتے ہیں تو سبسکرائب کریں۔”

ویڈیو میں دھرو راٹھی نے فلم کے ہدایتکار ادتیا دھر کو گھٹیا انسان قرار دیا اور کہا کہ یہ فلم محض کمزور یا ناقص نہیں بلکہ ایک مؤثر انداز میں پیش کیا گیا پروپیگنڈا ہے، جو زیادہ نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے۔

دھرو راٹھی نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے حامیوں اور بالی ووڈ اداکاروں کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا، اور کہا کہ فلم میں ایک ڈائیلاگ ہے کہ “ہندوستانیوں کا سب سے بڑا دشمن ہندوستانی ہی ہے”، جو بھارتی سیاستدان اکثر اپنے مخالفین خصوصاً بھارت میں رہنے والے مسلمانوں کے بارے میں بولتے رہتے ہیں۔