نئی دہلی ( این ڈی ٹی وی)بھارتی حکومت نے شوبز انڈسٹری کے ’بادشاہ‘ شاہ رخ خان کو 33 سال کی خدمات کے بعد پہلی بار نیشنل فلم ایوارڈ سے نوازا۔ یہ ایوارڈ 71 ویں نیشنل فلم ایوارڈز 2025 کے موقع پر دیاگیا۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق شاہ رخ خان کو بہترین اداکار کا نیشنل ایوارڈ دیا گیا جبکہ اسی کیٹیگری میں وکرانت میسی کو بھی ایوارڈ سے نوازا گیا۔ اداکارہ رانی مکھرجی کو بہترین اداکارہ کا ایوارڈ دیا گیا اور بہترین فیچر فلم کا ایوارڈ ’بارہویں فیل‘ کو دیا گیا۔
اس موقع پر مجموعی طور پر 21 ایوارڈز 19 کیٹیگریز میں تقسیم کیے گئے، جن میں بہترین ہندی فلم، بہترین فیچر فلم، دادا صاحب پھالکے ایوارڈ، بہترین فلم نقاد، بہترین ایکشن ڈائریکشن، بہترین گیت، بہترین ہدایتکار، بہترین پاپولر فلم، بہترین تیلگو، تامل، گجراتی، کنڑا فلمیں، بہترین مرد و خاتون پلے بیک سنگر، بہترین سنیماٹوگرافی، کوریوگرافی، میک اپ اینڈ کاسٹیوم ڈیزائن، ری ریکارڈنگ مکسر اور بہترین ساؤنڈ ڈیزائن شامل ہیں۔
واضح رہے کہ شاہ رخ خان نے 1988 میں بھارتی سرکاری ٹیلی وژن دور درشن (ڈی ڈی) سے اداکاری کا آغاز کیا، اور 1992 میں اپنی پہلی فلم ’دیوانہ‘ سے شائقین کے دل جیت لیے۔ 33 سالہ کیریئر میں درجنوں کامیاب فلمیں دینے والے شاہ رخ خان کو اب تک بھارتی سرکاری نیشنل فلم ایوارڈ نہیں ملا تھا، تاہم اب ان کی خدمات کو سرکاری سطح پر تسلیم کیا گیا ہے۔

