نئی دہلی میں میٹرو اسٹیشن کے قریب دھماکا، 8 افراد ہلاک11 زخمی

نئی دہلی (ایجنسیاں) بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں لال قلعہ میٹرو اسٹیشن کے قریب ہونے والے دھماکے نے شہر کو ہلا کر رکھ دیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکے میں 8 افراد ہلاک اور 11 زخمی ہوگئے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق لال قلعہ میٹرو اسٹیشن کے گیٹ نمبر 1 کے قریب کھڑی کار میں اچانک زوردار دھماکا ہوا۔ دہلی پولیس کے ترجمان نے کہا کہ دھماکے کی نوعیت تاحال معلوم نہیں ہوسکی، تاہم تحقیقات جاری ہیں۔

دھماکے کے نتیجے میں 6 گاڑیوں اور 3 آٹو رکشوں میں آگ لگ گئی، جبکہ 7 فائر ٹینڈرز موقع پر پہنچ کر آگ بجھانے میں مصروف رہے۔ دہلی پولیس کا اسپیشل سیل بھی جائے وقوعہ پر پہنچ گیا اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا۔

دہلی کے نائب فائر چیف کے مطابق “آگ پر قابو پا لیا گیا ہے تاہم جائے وقوعہ سے جلی ہوئی گاڑیاں اور ملبہ صاف کیا جا رہا ہے۔”ایک عینی شاہد نے این ڈی ٹی وی سے گفتگو میں بتایا”ہم نے ایک خوفناک دھماکے کی آواز سنی، کھڑکیاں ہل گئیں، لوگ خوف کے مارے گھروں سے باہر نکل آئے۔”

پولیس نے جائے وقوعہ پر جمع ہجوم کو منتشر کرنے کی کوشش کی جبکہ میڈیا پر نشر ہونے والی ویڈیوز میں شعلے اور دھواں اٹھتے ہوئے واضح طور پر دکھائی دیے۔ دھماکا دہلی کے پرانے شہر کے گنجان علاقے میں ہوا۔

ادھر مقامی میڈیا کے مطابق واقعے کے بعد نئی دہلی اور ممبئی کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق آج صبح ہریانہ میں ایک کارروائی کے دوران 2900کلو بم بنانے کا سامان برآمد کیا گیا تھا، جس کے بعد سے سیکیورٹی ادارے پہلے ہی الرٹ تھے۔

اپنا تبصرہ لکھیں