بالی ووڈ اسٹار جان ابراہم کو انکی نئی فلم کو لے کر تنقید کا سامنا ہے، تاہم معاون اداکارہ تمنا بھاٹیا ان کی حمایت میں سامنے آگئیں۔
جان ابراہم کی فلم ویدا کا ٹریلر جاری ہونے کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے اسے جان ابراہم کی ایک اور روایتی ایکشن فلم قرار دیا جارہا تھا، جبکہ ایک موقع پر جان ابراہم اس وقت غصے میں آگئے تھے جب صحافی نے ان سے سوال کیا کہ اداکار کی زیادہ تر فلمیں وہی پرانی ہوتی ہیں۔
تاہم اب اس فلم میں مختصر کردار نبھانے والی اداکارہ تمنا بھاٹیا جان ابراہم کے حمایت میں سامنے آگئیں اور کہا کہ انکی فلم ویدا صرف ایکشن فلم نہیں، یہ اس سے بڑھ کر ہے۔
مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر فلم کا ٹریلر شیئر کرتے ہوئے تمنا نے ایک طویل نوٹ بھی تحریر کیا جس میں انکا کہنا تھا کہ ویدا کو اس کی ظاہری شکل سے نہ پرکھیں، اگر میں کہوں تو یقین کریں کہ یہ صرف ایک ایکشن فلم نہیں ہے۔
اپنی بات جاری رکھتے ہوئے تمنا کا کہنا تھا کہ بھارت کے مقبول ایکشن ہیرو اور میرے دوست جان ابراہم اس بار ایک الگ کہانی لے کر آرہے ہیں جس میں ایکشن کے ذریعے ایک اعلیٰ سنیمائی تجربہ پیش کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس سے بھی زیادہ دلچسپ بات یہ ہے کہ نکھل ایڈوانی تقریباً 6 یا 7 سال بعد بطور ہدایتکار واپس آرہے ہیں، جس سے اس فلم کی دلچسپی میں مزید اضافہ ہوا ہے۔
فلم میں اپنے کردار کے بارے میں بات کرتے ہوئے تمنا کا کہنا تھا کہ اگرچہ فلم میں میرا کردار مختصر ہے، لیکن میں فلم کی ریلیز کےلیے بےحد پُرجوش ہوں۔
آخر میں انہوں نے یہ بھی لکھا کہ ویدا ایکشن فلموں کےلیے ایک نئی سوچ لے کر آرہی ہے اور میں یقین رکھتی ہوں کہ سبھی کو یہ نئی کہانی بڑے پردے پر دیکھنے میں مزہ آئے گا۔