نئے چیف ایگزیکٹو رمضان بٹ کا لیسکو سے شاہی کلچر کے خاتمہ کا اعلان

میں آپ کا حصہ اور لیسکو ٹیم کا کپتان ہوں ملنے کیلئے کسی اجازت کی ضرورت نہیں

 افسران اورسٹاف سے پرجوش خطاب

لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی کے چیف ایگزیکٹو رمضان بٹ نے ادارے سے شاہی کلچر کے خاتمہ کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں آپ کاحصہ اور لیسکو ٹیم کا کپتان ہوں میرے دفتر میں آنے کیلئے کسی کو اجازت لینے کی ضرورت نہیں ہے۔ ایکسپو سنٹر میں لیسکو کے افسران اور ملازمین کے پرہجوم اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے رمضان بٹ کا کہنا تھا کہ لیسکو سٹاف کے ہر رکن نے میرے پاس لیسکو کی بہتری کیلئے ڈسکشن کرنے ہی آنا ہے جس کا آپ کو پورا حق ہے اس کیلئے کسی سے اجازت لینے کی ضرورت نہیں میرے دروازے آپ کیلئے ہر وقت کھلے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ لیسکو کا نیا ویژن کرپشن کا خاتمہ اور صارفین کو بہترین سہولیات مہیا کرنا ہے، بجلی کی چوری عوام کی چوری ہے جس کی ہمیں ہر قیمت پر حوصلہ شکنی کرنی ہے، لیسکو کمپنی ہماری کی طرح ہے سب کو مل کر اس کی بہتری کیلئے کام کرنا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ لیسکو حکومت سے بجلی لے کر اسے بیچتی ہے راستے میں اسے جو چوری کرتے ہیں اس کو روکنا ہماری ماں لیسکو کا ہم پر پہلا حق ہے، عوام کو سستی بجلی کی فراہمی کیلئے ہر ممکن اقدامات کریں گے۔

رمضان بٹ کا کہنا تھا جو لوگ چوری اور سینہ زوری کرتے ہیں ان کو ہم سب نے مل کر روکنا ہے، بجلی چوروں کے خلاف کارروائی میں تعاون پر آرمی چیف عاصم منیر،وزیر اعظم شہباز شریف، رینجرزاورپولیس کے ساتھ ساتھ بورڈ آف ڈائریکٹرزکا بھی شکرگزار ہوں جنہوں نے ہمارے ساتھ بھرپور تعاون کیا۔لیسکو چیف کا کہنا تھا ریکوری کے معاملات کو بہتر اورصارفین تک بجلی کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بناناہمارا اولین فریضہ ہے.

جس میں کسی قسم کی کوتاہی نہ برتی جائے،ادارے میں میرٹ اور شفافیت کو یقینی بنانے کیلئے لیسکو میں ای آر پی سسٹم بہترین طریقے سے کام کررہا ہے،نئے کنکشنز اور خراب میٹرز ای آر پی کے زریعے فوری جاری ہورہے ہیں، ای آر پی سسٹم کی بہت زیادہ مخالفت تھی مگر اس کے باوجود یہ سسٹم لاگو کیا گیاہے۔لیسکو کے نئے کپتان رمضان بٹ کا خطاب سننے کیلئے تمام ڈویژنوں سے افسران کی بڑی تعداد ایکسپو سنٹر لاہور پہنچی جس کا سینکڑوں نشستوں پر مشتمل ہال چھوٹا پڑ گیا اور دیکھتے ہی دیکھتے لیسکو کے جانبازوں سے کھچا کھچ بھر گیا.

اس سے قبل آنے والے لیسکو کے سربراہ اپنے کمروں میں سٹاف کو بلاکر ہدایات دیتے تھے لیکن رمضان بٹ نے تمام سٹاف کے پاس خود جاکر نئی مثال قائم کردی۔ لیسکو کے بڑے بڑے افسران ہال کی سیڑھیوں پر بیٹھ کراپنے پرجوش چیف ایگزیکٹو کی ہدایات کو بغور سنتے رہے اور اپنے کپتان کے ویژن کے مطابق ادارے کو مثالی بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

اپنا تبصرہ لکھیں