اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحٰق ڈار نے ایران کے صدر مسعود پزشکیان سے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات، باہمی تعاون اور تجارت کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال ہوا۔ ایرانی صدر نے پاکستان کی حمایت کو سراہا۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحٰق ڈار نے اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے اسلام آباد میں ملاقات کی۔ دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق اس ملاقات کے دوران اسحٰق ڈار نے ایران کے صدر کو خوش آمدید کہتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان تاریخی، مذہبی، ثقافتی اور برادرانہ تعلقات کو اجاگر کیا اور پاکستان کی جانب سے ان تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے پاکستان کی حمایت کو سراہتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ ایران باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں پاکستان کے ساتھ تعاون کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان سیاسی و اقتصادی تعلقات کو گہرا کرنے کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔
بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر اسحٰق ڈار نے کہا کہ پاکستان ایران کے ساتھ تجارت، معیشت اور دیگر شعبوں میں مکمل تعاون جاری رکھے گا۔ انہوں نے ایرانی صدر کے اس بیان کا خیرمقدم کیا جس میں انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی حجم کو 10 ارب ڈالر تک بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔ اسحٰق ڈار نے کہا کہ باہمی اقتصادی ہم آہنگی وقت کی اہم ضرورت ہے اور یہ معاشی سرگرمیوں کے فروغ میں مددگار ہوگی۔

