نیشنل ایروناٹکس اینڈ اسپیس ایڈمنسٹریشن (ناسا) کی کیوروسٹی روور نامی گاڑی نے مریخ پر خالص گندھک سے بنی چٹان دریافت کرلی۔ کیوروسٹی روور نے مئی میں کچھ پتھروں پر گاڑی چڑھائی اور ایک پتھر کو توڑ کر جادوئی زرد گندھک کے کرسٹل کا مشاہدہ کیا۔ یہ دریافت مریخ پر پہلی بار ہوئی ہے۔ناسا کی جیٹ پروپلشن لیبارٹری، جنوبی کیلیفورنیا کے کیوروسٹی پروجیکٹ کے سائنسدان اشون واسواڈا نے اس نئی دریافت کو صحرا میں نخلستان کی تلاش سے تشبیہ دیتے ہوئے کہا کہ ایسی دریافت بے حد دلچسپ ہوتی ہیں۔
واسواڈا نے کہا کہ “خالص گندھک سے بنے پتھروں کا میدان ملنا صحرا میں نخلستان کی تلاش کے مترادف ہے۔ یہ وہاں نہیں ہونا چاہیے، اس لیے اب ہمیں اس کی وضاحت کرنا ہوگی۔ غیر معمولی اور غیر متوقع چیزوں کی دریافت ہی سیاروں کی کھوج کو اتنا دلچسپ بناتی ہے۔”
مزید برآں، یہ جادوئی دریافت ایک ایسے علاقے میں ہوئی ہے جو سلفیٹس سے مالا مال ہے اور کیوروسٹی نے اکتوبر 2023 سے اس کی تحقیقات کی ہیں۔ یہ کیمیائی عنصر گندھک پر مشتمل ہوتا ہے اور پانی کے بخارات بننے کے بعد تشکیل پاتا ہے۔ پہلے گندھک کے معدنیات دریافت ہو چکے تھے، لیکن کیوروسٹی نے جو پتھر توڑا اس میں خالص گندھک تھی۔ اس علاقے میں اس طرح کی کئی اور چٹانیں بھی موجود ہیں۔
اس پتھر میں پائی جانے والی گندھک بو کے بغیر ہے، حالانکہ عام طور پر اس عنصر کی بو سڑے ہوئے انڈوں جیسی ہوتی ہے، جو ہائیڈروجن سلفائیڈ گیس کی وجہ سے ہوتی ہے۔
سائنسدانوں اس دریافت کو عجیب اور غیر متوقع قرار دیا ہے، کیونکہ خالص گندھک کی موجودگی نے سائنسدانوں کو حیران کر دیا ہے اور وہ جاننے کےلیے بے چین ہیں کہ یہ مریخ کی تاریخ کے بارے میں کیا کہتی ہے۔کیوروسٹی کی جاری تحقیق میں ابھی بھی بہت سے رازوں کا انکشاف ہونا باقی ہے، اور ٹیم اس کے جمع کیے گئے ڈیٹا کا تجزیہ جاری رکھنے کا ارادہ رکھتی ہے۔