اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی)وجہ تخلیق کائنات، رحمت اللعالمین، خاتم النبیین حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی ولادت باسعادت کے پندرہ سو برس مکمل ہونے پر پاکستان بھر میں عید میلادالنبی ﷺ مذہبی جوش و خروش، عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔
دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی سے ہوا۔ نماز فجر کے بعد ملک بھر کی مساجد میں خصوصی دعائیں مانگی گئیں، جن میں ملکی سلامتی، ترقی و خوشحالی اور امت مسلمہ کے اتحاد کے لیے دعا کی گئی۔ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں گلی گلی چراغاں کیا گیا، مساجد، بلند عمارتوں اور بازاروں پر سبز پرچموں کی بہار چھا گئی، جبکہ درود و سلام کی صدائیں فضا میں گونجتی رہیں۔
پارلیمنٹ کی متفقہ قرارداد کے تحت اس سال 1447 ہجری کو ولادت نبوی ﷺ کے 1500 برس مکمل ہونے پر قومی سطح پر خصوصی انتظامات کیے گئے۔ اس موقع پر اسلام آباد میں بین الاقوامی سیرت کانفرنس منعقد ہوئی، جبکہ ملک بھر میں جلوسوں اور میلاد کی محفلوں کا انعقاد ہوا۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ نبی اکرم ﷺ کی سیرتِ طیبہ عدل، رحم، اخوت اور احترام انسانیت کا سرچشمہ ہے۔ آج دنیا جن چیلنجز کا سامنا کر رہی ہے، ان کا حل سیرت مصطفیٰ ﷺ کی روشنی میں تلاش کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ دن امت مسلمہ کے لیے نہ صرف خوشی کا موقع ہے بلکہ اپنی زندگیوں کو تعلیمات نبوی ﷺ کے مطابق ڈھالنے کا عہد بھی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا کہ حیات طیبہ زندگی کے ہر پہلو کے لیے ایک جامع نمونہ ہے اور اس کی روشنی میں پاکستان کی تعمیر کے عہد کی تجدید ضروری ہے۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ یہ وہ دن ہے جب ظلمت مٹ گئی اور انسانیت نے عدل و رحمت کی حقیقی معنویت پائی۔گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے گورنر ہاؤس کراچی میں منعقدہ محفل میلاد میں کہا کہ نبی کریم ﷺ کی ولادت باسعادت پوری انسانیت کے لیے باعثِ رحمت ہے، تاہم ہمیں اپنی زندگیاں آپ ﷺ کی سنت اور سیرت کے مطابق گزارنی چاہئیں۔
کراچی، لاہور، راولپنڈی، پشاور اور کوئٹہ سمیت تمام شہروں میں جلوسوں اور میلاد کی تقریبات کے لیے سخت سیکیورٹی انتظامات کیے گئے۔ کراچی میں 4480 پولیس اہلکار تعینات رہے جبکہ لاہور اور دیگر شہروں میں بھی ہزاروں اہلکار ڈیوٹی پر مامور رہے۔جلوسوں میں شریک عاشقان رسول ﷺ کے لیے لنگر اور کھانے پینے کے وسیع انتظامات بھی کیے گئے۔
پاکستان بھر میں 12 ربیع الاول ﷺ کے دن عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا، سڑکوں، مساجد اور گھروں میں چراغاں اور درود و سلام کی محافل نے فضاؤں کو معطر کیے رکھا۔ یہ دن پوری امت مسلمہ کو نبی رحمت ﷺ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے اور اخوت و یکجہتی کے پیغام کی یاد دہانی کراتا رہا۔

