بھارتی اداکار نوازالدین صدیقی نے خود کو بالی ووڈ کا سب سے بدصورت اداکار قرار دے دیا جبکہ اپنی شکل و صورت پر طنز کا سامنا کرنے کا بھی انکشاف کیا۔
نوازالدین صدیقی کو بالی ووڈ میں آج کے دور کے بہترین اداکاروں میں شمار کیا جاتا ہے، جنہوں نے ’گینگز آف واسع پور‘، ’کہانی‘ اور ’سیکرڈ گیمز‘ جیسی فلموں میں اداکاری کی ہے۔ تاہم اس اداکار کو بھی انڈسٹری میں اپنی شکل و صورت کی بنیاد پر کافی امتیاز سلوک کا سامنا کرنا پڑا۔
ایک تازہ انٹرویو میں نوازالدین نے کہا کہ وہ خود کو فلم انڈسٹری میں ‘سب سے بدصورت اداکار مانتے ہیں۔ پتہ نہیں ہماری شکلوں سے کچھ لوگوں کو اتنی نفرت کیوں ہے؟ شاید شکل ہی ایسی ہے۔
انکا کہنا تھا کہ جب ہم آئینہ دیکھتے ہیں تو ہمیں بھی لگتا ہے کہ ہم لوگ کتنے بدصورت ہیں۔ ہم بھی بولتے ہیں اپنے آپ کو کہ ’کیوں آ گئے فلم انڈسٹری میں اتنی گندی شکل لے کر؟‘
انہوں نے مزید کہا کہ میں تو یہ مانتا ہوں کہ میں فلم انڈسٹری میں جسمانی طور پر سب سے بدصورت اداکار ہوں کیونکہ میں شروع سے یہ سب سنتا آ رہا ہوں اور ابھی ماننے بھی لگا ہوں۔
انکا کہنا تھا کہ مجھے فلم انڈسٹری سے کوئی شکایت نہیں ہے۔ میں ان مواقع کا شکر گزار ہوں جو مجھے اپنے کیریئر میں مختلف کردار ادا کرنے کے لیے ملے۔