شکاگو (سپورٹس ڈیسک)مصر کی اسکواش کھلاڑی نور الشربینی نے 2025 کی ورلڈ اسکواش چیمپئن شپ جیت کر تاریخ رقم کر دی ہے۔ یہ ان کا آٹھواں عالمی ٹائٹل ہے، جس کے ساتھ ہی انہوں نے ملائیشیا کی نکول ڈیوڈ کا 8 مرتبہ ورلڈ چیمپئن شپ جیتنے کا ریکارڈ برابر کر دیا ہے۔
شکاگو میں ہونے والے فائنل میں نور الشربینی نے ہم وطن ہانیہ الحمامی کو 3-1 سے شکست دی۔ میچ کے سیٹ اسکورز 11-5، 11-9، 4-11 اور 11-7 رہے۔
29 سالہ نور الشربینی اس وقت عالمی درجہ بندی میں دوسرے نمبر پر ہیں اور وہ 2020ء میں پہلے نمبر پر بھی رہ چکی ہیں۔ اس شاندار کامیابی کے ساتھ، نور الشربینی نے نہ صرف اسکواش کی دنیا میں اپنی برتری ثابت کی ہے بلکہ مصر کو عالمی سطح پر فخر کا مقام بھی دلایا ہے۔

