اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب) کو ماضی میں سیاسی انجینئرنگ کیلئے استعمال کیا جاتا رہا ہے۔قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ 50 کروڑ روپے سے کم کرپشن الزامات کے کیسز کو نیب میں شامل نہ کرنا درست نہیں۔
انہوں نے کہا کہ سیکشن 6 میں ایسی ترمیم لائی جا رہی ہے جس پر معاملہ تین مرتبہ سپریم کورٹ جا چکا ہے، جب قتل کے مقدمات میں دوسری اپیل نہیں ہوتی تو آئینی عدالت میں دو اپیلیں کیسے دی جا سکتی ہیں۔
پی ٹی آئی چیئرمین کا کہنا تھا کہ 5 تاریخ کو چیئرمین نیب کی مدت ختم ہو رہی ہے، وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کو مل بیٹھ کر نئے چیئرمین کی تقرری پر فیصلہ کرنا چاہیے۔بیرسٹر گوہر نے کہا کہ جب چیئرمین نیب کی تقرری وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کرتے ہیں تو اس کی مدت میں توسیع کا اختیار بھی انہی دونوں کے پاس ہونا چاہیے۔

