نیشنل پریس کلب اسلام آبادکے الیکشن میں” ڈیموکریٹس” اہم عہدوں پر کامیاب

برسراقتدار جرنلسٹ پینل کوبڑے اپ سیٹ کا سامنا،ڈیموکریٹس کے صدر اور سیکرٹری جیت گئے

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے الیکشن میں کانٹے کا مقابلہ دیکھنے میں آیا جس کے بعد برسراقتدار جرنلسٹ پینل کو بڑے اپ سیٹ کا سامنا کرنا پڑااورمتحدہ اپوزیشن دی ڈیمو کریٹس پینل کے عبدالرزاق سیال 1067 ووٹ لے کر صدر منتخب ہوگئے ۔ان کے مد مقابل جرنلسٹ پینل کی خاتون امیدوار نیئر علی 1052ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہیں.

سیکرٹری کی نشست ڈیمو کریٹس پینل کے فرقان راؤنے حاصل کی اور نائب صدور کی دو نشستوں پرڈیمو کریٹس پینل کے عثمان خان اور بشیر چودھری کامیاب قرار پائے۔ بشیر چودھری نے 1076 ووٹ حاصل کیے جبکہ عثمان خان کو 1015 ووٹ ملے۔سیکرٹری فنانس کی سیٹ پر جرنلسٹ پینل کے عابد عباسی نے خاور نواز راجہ کو شکست دی ۔

جرنلسٹ پینل کی ہی شکیلہ جلیل جوائنٹ سیکرٹری اور سحرش قریشی نائب صدرکی نشست جیت گئی ہیں ۔جرنلسٹ پینل کے احتشام الحق 1202 ووٹ حاصل کر کے نائب صدر کی نشست جیتنے میں کامیاب ہو گئے ۔

انتخابات میں امیدواروں کے درمیان سخت مقابلہ رہا اور صحافی برادری نے بڑی تعداد میں ووٹ ڈال کر اپنے نمائندوں کا انتخاب کیا۔جمعرات کو ووٹنگ مکمل ہونے کے بعد گنتی کا عمل شروع کیا گیا تھا جو طول پکڑنے کے بعدجمعہ کی رات مکمل ہوا اور پریس کلب کے الیکشن کمیشن کی طرف باقاعدہ صدارت کی سیٹ کا رزلٹ بتا یا گیا۔صدر کے عہدے پر کامیابی کے بعد ڈیمو کریٹس کے حامیوں نے عبدالرزاق سیال کو کامیابی پر مبارکباد دی اور ان کی کامیابی کو نیک شگون قرار دیا ۔