ڈی آئی خان: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ وزیراعظم کو آخری بار کہتا ہوں ہمیں صوبے کا پیسہ دو، اگر نیشنل گرڈ سے بجلی کم کی گئی تو بجلی بند کر دوں گا۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ لوگ مینڈیٹ چوری کر کے حکومت میں بیٹھے ہیں، واپڈا خیبرپختونخوا کے ساتھ زیادتی کر رہا ہے، کسی نے واپڈا کے کسی اثاثے کو نقصان نہیں پہنچانا، 12 گھنٹے سے زیادہ لوڈشیڈنگ کسی فیڈر پر نہیں ہوگی۔
علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ وفاق کے ذمہ ہمارے صوبے کے 16 ارب روپے واجب الادا ہیں، لوڈشیڈنگ ختم کرنا وفاقی حکومت کی ذمہ داری ہے، وفاقی حکومت سے دوبارہ بات کریں گے اور مسائل سے آگاہ کریں گے، دوسرے مرحلے میں صوبوں سے نیشنل گرڈ کو بند کروں گا۔انہوں نے کہا کہ آپ کس طرح بیٹھے ہیں، آپ کو کس طرح نکالنا ہے، مجھے پتہ ہے، آپ ہمیں مجبور کر رہے ہیں۔