نینا تانگری کی جانب سے دیوالی اور بندی چھوڑ دیوس کی دلی مبارکباد

مسی ساگا (نمائندہ خصوصی) — نینا تانگری، صوبائی رکنِ اسمبلی برائے مسی ساگا اسٹریٹس ویل اور اونٹاریو کی ایسوسی ایٹ وزیر برائے چھوٹے کاروبار نے دیوالی اور بندی چھوڑ دیوس کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں مسی ساگا اسٹریٹس ول، اونٹاریو اور دنیا بھر کے رہائشیوں کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔

نینا تانگری نے کہا”نمستے اور ست سری اکال۔ میں مسی ساگا اسٹریٹس ول، اونٹاریو اور دنیا بھر کے تمام افراد کو دیوالی اور بندی چھوڑ دیوس کی خوشیوں بھری مبارکباد پیش کرتی ہوں۔ روشنیوں کا یہ مقدس تہوار اس بات کی علامت ہے کہ ہمیں بطور برادری اکٹھے ہو کر خوشیوں، موسیقی اور عمدہ کھانوں کے ساتھ اس دن کو منانا چاہیے۔”

انہوں نے کہا کہ ہمیں پہلے سے بھی زیادہ اس بات کو یقینی بنانا چاہیے کہ روشنی اندھیرے پر، نیکی بدی پر اور علم جہالت پر فتح پائے۔

نینا تانگری نے مزید کہا”جب ہم دیا جلاتے ہیں تو ہم اپنے عزم کو تازہ کرتے ہیں کہ نیکی ہمیشہ غالب رہے گی۔ جب آپ عبادت کیلئےجمع ہوتے ہیں، مٹھائیاں بانٹتے ہیں اور اپنے پیاروں کے ساتھ جشن مناتے ہیں، میری دعا ہے کہ ما لکشمی آپ کے گھروں کو امن اور خوشحالی سے بھر دے۔”

انہوں نے آخر میں کہا”میری جانب سے اور میرے اہلِ خانہ کی طرف سے آپ سب کو دیوالی اور بندی چھوڑ دیوس کی دلی مبارکباد، یہ دن آپ کیلئے خوشیوں، سلامتی اور کامیابیوں کا پیغام لائے۔”

اپنا تبصرہ لکھیں