لاہور (محمد بابرسے) پاکستان میں جاری سہ ملکی ون ڈے سیریز کے دوسرے میچ میں نیوزی لینڈ نے جنوبی افریقہ کو چھ وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں رسائی حاصل کرلی۔پیر کے روز قذافی سٹیڈیم میں ہونے والے میچ کا ٹاس نیوزی لینڈ نے جیت کر جنوبی افریقہ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی جس کے بعد جنوبی افریقہ نے 305 رنز کا ہدف دیا تھا۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے اننگز کا آغاز محتاط انداز میں کیا گیا۔
کپتان ٹیمبا باوُوما اور میتھیو بریٹزے کے درمیان 37 رنز اوپننگ پارٹنرشپ قائم ہوئی۔نیوزی لینڈ کی جانب سے پہلی وکٹ وِل رُورک نے لی جن کی گیند پر ٹیمبا باوُوما 20 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔دوسری وکٹ کے لیے جیسن سمتھ اور میتھیو بریٹزے کے درمیان عمدہ پارٹنرشپ قائم ہوئی۔دونوں بیٹرز نے شراکت کے دوران تحمل مزاجی سے بیٹنگ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کے لیے 93 رنز بنائے۔نیوزی لینڈ کو دوسری وکٹ 130 رنز پر ملی جب جیسن سمتھ 41 رنز پر رن آؤٹ ہوگئے۔
کیویز کو اگلی وکٹ بھی جلدی مل گئی جب کائل ورینے ایک رن بنا کر مائیکل بریسویل کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔اپنے ڈیبیو میچ میں نوجوان بیٹر میتھیو بریٹزکے نے شاندار اننگز کھیلی۔میتھیو بریٹزے نے 148 گیندوں پر 5 چھکوں اور 11 چوکوں کی مدد سے 150 رنز بنائے۔یہ ون ڈے ڈیبیو پر سب سے زیادہ رنز بنانے کا نیا ریکارڈ ہے۔ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کے اوپنرز نے ذمہ دارانہ آغاز کیا۔ڈیوون کونوے اور وِل ینگ نے پہلی وکٹ کے لیے 50 رنز کی شراکت قائم کی۔
جنوبی افریقہ کو پہلی وکٹ 50 رنز پر ملی جب وِل ینگ اِتھان بوش کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔پہلی وکٹ گرنے کے بعد کین ولیمسن اور ڈیوون کونوے کے درمیان شاندار پارٹنرشپ کا آغاز ہوا۔دونوں بیٹرز نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے جنوبی افریقی بولرز کو بے بس کیے رکھا۔
دوسری وکٹ کے لیے ڈیوون کونوے اور کین ولیمسن نے 155 گیندوں پر 187 رنز بنائے اور میچ کو نیوزی لینڈ کے پلڑے میں ڈال دیا۔اس پارٹنرشپ کے دوران کین ولیمسن نے سینچری مکمل کی جبکہ ڈیوون کونوے سینچری کے بہت قریب پہنچ کر جونیئر دلا کی گیند پر سینوران متھوسامی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔یہ نیوزی لینڈ کا سیریز میں دوسرا جبکہ جنوبی افریقہ کا پہلا میچ تھا۔اس سے قبل سیریز کے پہلے میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 78 رنز سے ہرا دیا تھا۔

