نیوزی لینڈ نے بنگلورو ٹیسٹ میں بھارت کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر بھارتی سر زمین پر 36 سال بعد ٹیسٹ میچ جیت لیا۔نیوزی لینڈ اور بھارت کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ بنگلورو میں کھیلا گیا جو مہمان ٹیم نے 8 وکٹوں سے اپنے نام کر کے 36 سال بعد بھارتی سر زمین پر ٹیسٹ میچ جیتنے کا خواب پورا کر لیا۔ اس سے قبل کیویز نے آخری بار 1988 میں بھارتی سر زمین پر اس کے خلاف ٹیسٹ میچ جیتا تھا۔
بھارت نے نیوزی لینڈ کو جیتنے کے لیے صرف 107 رنز کا ہدف دیا تھا جو کیویز نے میچ کے پانچویں اور آخری روز پہلے سیشن میں صرف دو وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔نیوزی لینڈ کی جانب سے ول ینگ 48 اور پہلی اننگ میں سنچری بنانے والے رچن رویندرا نے 39 رنز ناقابل شکست اسکور کیے۔ بمرا نے کپتان ٹام لیتھم اور ڈیون کانوے کی وکٹیں حاصل کیں۔
اس سے قبل بنگلورو ٹیسٹ کا پہلا دن مکمل طور پر بارش کی نظر ہونے کے بعد دوسرے روز میچ کا آغاز ہوا تھا۔ بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا جو ان کے لیے بھیانک خواب ثابت ہوا اور پوری بھارتی ٹیم 46 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ یہ بھارت کا اپنی سر زمین پر کم تر اسکور رہا۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے میٹ ہنری نے 5 اور ولیم اورکی نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔
نیوزی لینڈ نے پہلی اننگ میں رچن رویندرا کی سنچری، ڈیون کانوے کے 91 اور ٹم ساؤتھی کے 65 رنز سے تقویت پاتے ہوئے 402 رنز بنا کر پہلی اننگ میں 356 رنز کی بڑی برتری حاصل کی تھی۔کلدیپ یادیو اور رویندرا جڈیجہ نے تین، تین جب کہ محمد سراج نے ایک وکٹ حاصل کی .بھارت نے اپنی دوسری اننگ میں قدرے بہتر بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 462 رنز بنائے۔
نوجوان مڈل آرڈر بلے باز نے 150 رنز بنائے جب کہ رشبھ پنت صرف ایک رن کی کمی سے اپنی ساتویں سنچری مکمل نہ کر سکے۔ انہیں 99 پر اورکی نے آؤٹ کیا۔میٹ ہنری اور ولیم اورکی نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں جب کہ اعجاز پٹیل نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔سیریز کا دوسرا میچ 24 اکتوبر سے پونے اور تیسرا میچ یکم نومبر سے وانکھیڈے میں کھیلا جائے گا۔