بھارتی کپتان روہت شرما نے عجیب منطق پیش کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میں تاریخی شکست کو چھوٹی سی ناکامی قرار دیدیا۔
کیویز کے خلاف پہلی بار اپنی سرزمین پر ٹیسٹ سیریز میں عبرتناک شکست کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے بھارتی کپتان روہت شرما نے اپنے بیٹرز کا دفاع کیا اور ان پر کسی قسم کا دباؤ ڈالنے سے انکار کردیا، انھوں نے کہا کہ ہم 12 سال میں ایک سیریز ہار گئے تو کوئی بڑی بات نہیں۔
روہت شرما نے کہا کہ ہمیں دو ٹیسٹ میچز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے، ہم نے بھارت میں لگاتار 18 ٹیسٹ سریز جیتی ہیں تو اس کا مطلب ہے کہ ہم نے بہت کچھ اچھا کیا ہے، یہ اتنی بڑی شکست نہیں ہے۔
انھوں نے کہا کہ اس سیریز میں ہم اس طرح کی بیٹنگ نہ کرسکے جس طرح کی بیٹنگ کرنا چاہتے تھے، ہم بھارت کی چیلنجنگ پچز پر مسلسل رنز بناتے آئے ہیں، میں یہ نہیں سوچنا چاہتا کہ ہم نے کچھ غلط کیا ہے۔
بھارتی کپتان نے کہا کہ دو ٹیسٹ میچز میں ہماری بیٹنگ بری رہی، دو تین اننگز اچھی نہیں رہیں مگر ایسا ہوتا ہے، ایسا ہوتا ہے کہ آپ جیتے ہوئے آرہے ہوں اور پھر ہار کا سامنا کرنا پڑتا ہے تو یہ کوئی بڑی بات نہیں۔
میں پوسٹ مارٹم نہیں کرنا چاہتا، ہاں مگر ہمیں یہ دیکھنا ہوگا کہ ہم آگے کیا بہتر کرسکتے ہیں، تمام بلےباز اپنے پلان کے ساتھ آئے تھے اور تمام بلے بازوں کو اپنے پلان پر یقین تھا۔