نیوزی لینڈ کے خلاف خراب کارکردگی پردامادوں کی جوڑی کو آرام دینے کا مشورہ

شاہین شاہ کے سسر شاہد آفریدی بھی داماد کی خراب کارکردگی پر بول پڑے

لاہور(سپورٹس ڈیسک) نیوزی لینڈ کے خلاف حالیہ ون ڈے سیریز میں خراب کارکردگی کے بعد شاہین آفریدی اور شاداب خان کو ٹیم سے ڈراپ کرنے کی آوازیں بلند ہونے لگیں۔ شاہین شاہ آفریدی کے سسر شاہد آفریدی نے بھی دونوں آؤٹ آف فارم کھلاڑیوں کو آرام دینے کی تجویز پیش کردی۔

سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر سابق آل راؤنڈر شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ سینئر کھلاڑیوں شاداب خان اور شاہین شاہ آفریدی کو نیوزی لینڈ کیخلاف پانچویں ٹی20 میچ میں آرام کروایا جائے۔سابق کرکٹر نے کہا کہ کیویز کے ہاتھوں چوتھے ٹی20 میچ میں شکست کے بعد گرین شرٹس کے ہاتھوں سے سیریز نکل چکی ہے تو بہتر ہے نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دیا جائے۔

قبل ازیں نیوزی لینڈ نے چوتھے ٹی20 میچ میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 220 رنز بنائے، ٹم سیفرٹ 44 اور کپتان مائیکل بریسویل 46 رنز بناکر نمایاں رہے۔پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے 3، ابرار نے 2 جبکہ عباس آفریدی نے ایک وکٹ حاصل کی۔ہدف کے تعاقب میں گرین شرٹس کا آغاز نہایت مایوس کُن رہا، اوپنر محمد حارث 2، خوشدل شاہ 6، حسن نواز، کپتان سلمان آغا، شاداب خان اور عباس آفریدی ایک ایک رن بناکر پویلین روانہ ہوئے۔

گرین شرٹس کی جانب سے عبدالصمد نے سب سے زیادہ 44 رنز بنائے۔پاکستانی ٹیم کیوی بالرز سامنے بیبس رہی اور محض 105 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی یہ گرین شرٹس کا ٹی20 فارمیٹ میں 10واں کم ترین سکور تھا۔دوسری جانب ٹیم میں واپسی کرنیوالے شاداب خان نے 3 اننگز میں صرف 30 رنز بنائے جبکہ گیند کے ساتھ 4 میچوں میں صرف ایک وکٹ حاصل کی۔

اسی طرح فاسٹ بولر شاہین آفریدی کی کارکردگی بھی مایوس کن رہی، بائیں ہاتھ کے تیز گیند باز نے دو میچوں میں صرف دو وکٹیں حاصل کیں، جن کی اوسط 66.50 اور معیشت 10.23 رہی۔یاد رہے کہ ثقلین مشتاق کے داماد شاداب خان کو کسی کارکردگی کے بغیر دورہ نیوزی لینڈ کیلئے ٹیم میں شامل کیا گیا جبکہ شاہین آفریدی مسلسل خراب کارکردگی کے باعث تنقید کی زد میں ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں